ٹیکس کی عدم ادائیگی پر فیس بک اور گوگل کو پنجاب حکومت کا نوٹس

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اپنے نوٹس میں فیس بک اور گوگل کو 7 روز میں سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کا حکم دیا ہے


ویب ڈیسک June 02, 2016
فیس بک اور گوگل نے 2013 سے پنجاب حکومت کو مقامی کمپنیوں کی تشہیر کی مد میں ہونے والی آمدن پر ٹیکس ادا نہیں کیا۔ فائل فوٹو

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک اور دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن کی مالک کمپنی گوگل کو پنجاب ایڈورٹائزمنٹ سروسز پر عائد سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نوٹسز جاری کیے ہیں۔

پنجاب حکومت نے 2013 میں آن لائن ایڈورٹائزنگ پر 16 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا تھا لیکن گزشتہ 3 برسوں کے دوران فیس بک اور گوگل نے اشتہارات کی مد سے اربوں روپے تو کمائے ہیں لیکن نا تو ان دونوں ویب سائیٹس نے ملکی قوانین کے تحت اب تک سیلز ٹیکس رجسٹریشن حاصل کی ہے اور نا ہی سیلز ٹیکس ادا کیا ہے۔

سیلز ٹیکس کی وصولی کے لئے پنجاب ریونیو اتھارٹی نے فیس بک کے مالک مارک زکربرگ کو امریکا میں قانونی نوٹس بھیجا ہے جب کہ گوگل کے نام نوٹس لاہور میں قائم ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں واقع مقامی دفتر کو جاری کیا گیا ہے۔ پی اے آر نے دونوں کمپنیوں کو سیلز ٹیکس نیٹ میں آنے کے لیے 7 روز کی مہلت ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر وہ سیلز ٹیکس نیٹ میں نہ آئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی.

مقبول خبریں