طارق روڈ، شاپنگ سینٹرز کے سامنے پتھاروں کو ہٹانے کی ہدایت

ایکسپریس اردو  اتوار 22 جولائی 2012
 ٹریفک کی روانی کیلیے سٹی وارڈنز کو ٹریفک  پولیس کی مدد کیلیے تعینات کیا جائیگا. فائل فوٹو

ٹریفک کی روانی کیلیے سٹی وارڈنز کو ٹریفک پولیس کی مدد کیلیے تعینات کیا جائیگا. فائل فوٹو

کراچی: رمضان کے دوران شہر کے اہم کاروباری مرکز طارق روڈ اور اطراف کے علاقے میں ٹریفک مینجمنٹ اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ایک اجلاس میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان کی صدارت میں سوک سینٹر میں منعقد ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی رشیدگوڈیل نے خصوصی طور پر شرکت کی،

اس موقع پر طارق روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر ایم اسلم، سندھ پولیس، ٹریفک پولیس، سٹی وارڈنز اور محکمہ چارجڈ پارکنگ کے نمائندوں ودیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طارق روڈ پر شاپنگ سینٹرز کے سامنے لگائے جانے والے پتھاروں کو ہٹادیا جائیگا تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جاسکے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طارق روڈ پر خصوصاً رمضان کے دوران ٹریفک کے شدید دبائو سے نمٹنے کیلیے ٹریفک پولیس خصوصی انتظامات کریگی

جبکہ سٹی وارڈنز کو بھی ٹریفک پولیس کی مدد کیلیے علاقے میں تعینات کیا جائیگا، اجلاس میں طارق روڈ کی اندرونی گلیوں میں کھدائی کے سبب ٹریفک جام ہونے کی شکایات کا بھی نوٹس لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ جلد از جلد سڑکوں کو ہموار کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں تاکہ رمضان میں طارق روڈ پر خریداری کیلیے آنے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،

میٹروپولیٹن کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ طارق روڈ اور اطراف کے علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کا نظام بہتر بنانے سمیت پورے علاقے میں غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کو روکنے کیلیے اقدامات کیے جائیں، انھوں نے کہا کہ چارجڈ پارکنگ عملے کو خصوصی جیکٹس پہنائی جائیں تاکہ ان کی شناخت میں آسانی ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔