بنوں:پولیس موبائل پردہشت گردوں کی فائرنگ، 4اہلکارجاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 21 نومبر 2012
پولیس موبائل پر فائرنگ کے بعد حملہ آور موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے ۔ فوٹو: فائل

پولیس موبائل پر فائرنگ کے بعد حملہ آور موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے ۔ فوٹو: فائل

بنوں:  پولیس موبائل پردہشت گردوں کی  فائرنگ کے نتیجے میں  ایس ایچ او سمیت چار اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

جانی خیل کے علاقے میں موٹر سائیکل سواروں پرسواردہشت گردوں نے  پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ایس ایچ او عقیل خان اور تین سپاہی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

 جاں بحق پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ پولیس نے جانی خیل میں علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں موٹر سائیکل کے ذریعے دہشتگردی کے خدشے کا اظہار کیا ہے جبکہ گزشتہ روز بھی پشاور میں داخل ہونے والے ایک خودکش حملہ آور کو اس کے موٹر سائیکل سوار ساتھی سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔ کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں بھی دھماکا موٹرسائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔