انگلینڈ کے شکارکاعزم قومی ٹیم کی مشقیں آج ختم ہونگی

سلیکٹرزنے ٹیسٹ اسکواڈکوحتمی شکل دے دی، فٹنس بہتر ہونے کی امید پرمحمد حفیظ کی شمولیت کا امکان


Sports Reporter June 05, 2016
سلیکٹرزنے ٹیسٹ اسکواڈکوحتمی شکل دے دی، فٹنس بہتر ہونے کی امید پرمحمد حفیظ کی شمولیت کا امکان۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD: انگلش ٹیم کاگھر میں شکار کرنے کا عزم لیے قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ اتوارکو ختم ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کی تیاری کے لیے اسکلز کیمپ کا اتوار کو اختتام ہوگا، ہفتے کو کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پہلے سیشن میں جم ٹریننگ کے بعد انڈور پریکٹس کی، بعد ازاں قذافی اسٹیڈیم میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کرتے ہوئے صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا گیا، بولرز نے کوچز کی رہنمائی میں ایک گھنٹے کا الگ سیشن کیا، پھر میدان کے وسط میں پچز پر میچ کا ماحول بنا کر محتاط بیٹنگ اور وکٹوں کے درمیان رننگ کی پریکٹس بھی کی گئی، 3 سائیڈ پچز میں مشین، اسپنرز اور تھرو بولنگ سے مشق کرائی گئی، اس دوران زیادہ توجہ اوپنرز پر مرکوز رہی۔

دوسری جانب قومی سلیکٹرز نے ٹیسٹ اسکواڈ کو حتمی شکل دیدی ہے، منتخب کرکٹرز کے ناموں کا اعلان جلد متوقع ہے، فٹنس بہتر ہونے کی امید پر محمد حفیظ کا نام فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے، دیگر اوپنرز میں نوجوانوں پر انحصار کرتے ہوئے شان مسعود اور سمیع اسلم کو آزمایا جائے گا، مڈل آرڈر کا بوجھ اٹھانے کے لیے کپتان مصباح الحق کے ساتھ تجربہ کار بیٹسمین یونس خان بھی موجود ہونگے، اظہر علی اور اسد شفیق کو بدستور سینئرز کا بھرپور ساتھ دینے کا ٹاسک دیا جائے گا، افتخار احمد کی صورت میں ایک اضافی بیٹسمین کے ساتھ اسپنر بھی میسر ہوسکتا ہے، کپتان کا ووٹ انھیں حتمی ٹیم میں جگہ دلانے کا ذریعہ بنے گا، طویل ٹور کے پیش نظر وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کے ساتھ محمد رضوان کو بھی موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

فٹنس میں نمایاں بہتری پر یاسر شاہ کا انتخاب یقینی ہے، ذوالفقار بابر کے وسیع تجربے سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا، پیس بیٹری محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل اور عمران خان پر مشتمل ہوگی۔ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پیسر عامرکو اب تک ویزا نہیں مل سکا، ان کی عدم دستیابی کی صورت میں ریزرو کے طور پر جنید خان اور سہیل خان موجود ہوںگے۔ ممکنہ اسکواڈ میں محمد حفیظ، شان مسعود، سمیع اسلم، یونس خان، مصباح الحق، اظہر علی، اسد شفیق،سرفراز احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل اور عمران خان شامل ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 13 جولائی سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

مقبول خبریں