دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، عامر کی شمولیت ویزے سے مشروط

ویب ڈیسک  اتوار 5 جون 2016

 لاہور: دورہ انگلینڈ کے لئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ محمد عامر کی ٹیم  میں شمولیت ویزے سے مشروط ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انگلینڈ کے خلاف 17 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم دنیا بھر میں اپنے جارحانہ کھیل کی وجہ سے مشہور ہے اور یہی چیز ہماری ٹیم کا مثبت پہلو ہے۔ قومی ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان کی مشاورت سے بنائی کی گئی ہے، امید ہے کہ تمام لڑکے انگلینڈ کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لئے قومی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، محمد یونس، اظہر علی، اسد شفیق، شان مسعود، سمیع اسلم اور افتخار احمد شامل ہیں۔ دورہ انگلینڈ کے لئے قومی ٹیم میں 2 وکٹ کیپرز سرفراز احمد اور محمد رضوان کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم میں 5 فاسٹ بولرز محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی، عمران خان اور سہیل خان شامل ہیں جب کہ محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت برطانوی ویزے سے مشروط ہے، اگر محمد عامر کو ویزہ نہ ملا تو قومی اے ٹیم میں سے کسی ایک بولر کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیم میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کو بطور اسپنر شامل کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام لڑکے سخت ٹریننگ  کر کے آئے ہیں، محمد حفیظ اور یاسر شاہ سمیت تمام کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ کلیئر ہے۔ جنید خان اچھا بولر ہے اور ان کا نام بھی زیر غور ہے لیکن انجری کے بعد دوبارہ ردھم میں آنے میں انھیں تھوڑا وقت لگے گا جب کہ دورہ انگلینڈ کے لئے اے ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔