ملک بھر میں آج پہلا روزہ

مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی کمیٹی کا احترام کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، چیرمین مفتی منیب الرحمان


ویب ڈیسک June 06, 2016
مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی کمیٹی کا احترام کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، چیرمین مفتی منیب الرحمان

لاہور: ملک بھر میں رمضان المبارک 1437 ھ کا چاند نظر آگیا جس کا چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی باضابطہ اعلان کردیا جب کہ پاکستان بھر میں طویل عرصے بعد رمضان کا ایک ساتھ آغاز ہورہا ہے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، وزارت مذہبی امور کے نمائندے، اسپارکو کے ماہرین اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک تھے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا ظہیر احمد کی صدارت میں ہوا جہاں اسلام آباد میں سب سے پہلے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کی تصدیق کے بعد زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، رحیم یار خان، کوئٹہ، قلات، سکھراور نوابشاہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند دیکھا گیا۔

صوبائی دارالحکومت کی زونل کمیٹیوں نے چاند نظر آنے کی شہادتوں کی تصدیق سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جس کے بعد چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا جس کے مطابق منگل 7 جون کو پہلا روزہ ہوگا۔



کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ اس سال ایک ساتھ رمضان المبارک شروع کرنے کے سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور خیبرپختونخوا کے مذہبی امور سمیت دیگر اداروں نے پس پردہ رہ کر مثبت کوششیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا احترام کیا اور وہاں کے دیگر علماء نے بھی احترام کرتے ہوئے اتحاد پیدا کرنے میں تعاون کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

مقبول خبریں