چلچلاتی دھوپ میں بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں

اسپورٹس رپورٹر  پير 6 جون 2016
انگلینڈ کے دورے کی تیاریاں اختتام پذیر، ٹیل اینڈرز کو بھرپور پریکٹس کرائی گئی. فوٹو: فائل

انگلینڈ کے دورے کی تیاریاں اختتام پذیر، ٹیل اینڈرز کو بھرپور پریکٹس کرائی گئی. فوٹو: فائل

 لاہور:  دورہ انگلینڈ کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ کا بھرپور مشقوں کیساتھ اختتام ہوگیا، آخری روز کرکٹرز نے چلچلاتی دھوپ میں بیٹنگ اور بولنگ جاری رکھی جب کیہ ٹیل اینڈرز کو بھی مشکل وقت میں بطور بیٹسمین مزاحمت کیلیے تیار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ گذشتہ روز بھرپور مشقوں اور بلند عزائم کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا،آخری روز کرکٹرز نے پہلے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جم ٹریننگ کے بعد اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے انڈور پریکٹس بھی کی، قذافی اسٹیڈیم میں آمد پر چلچلاتی دھوپ میں بیٹنگ اور بولنگ کا سلسہ جاری رہا، ٹیل اینڈرز کی کو بھی مشکل وقت میں بطور بیٹسمین مزاحمت کیلیے تیار کیا گیا مشین پر شان مسعود نے ڈیڑھ گھنٹہ اپنے اسٹروکس چیک کیے، میدان کے وسط میں پچ پر میچ طرز کی پریکٹس ہوئی، مصباح الحق، یونس خان نے پیسرز کی گیندوں کا سامنا کیا۔

راحت علی خاصے ردھم میں نظر آئے،پارٹ ٹائم بولر اظہر علی نے لیگ اسپین بولنگ سے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کی کوشش کی، سلپ میں مصباح الحق، یونس خان اور اسد شفیق کو بھی بھی بھرپور پریکٹس کرائی گئی، مشین کی مدد سے برق رفتار گیندیں چھوٹے بیٹ کی مدد سے فیلڈرز کے پاس جاتیں جن کو کیچ کرنے میں کبھی کامیابی کبھی ناکامی ہوتی، ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ خرم منظور، احسان عادل، آصف ذاکر اور اکبرالرحمان ٹریننگ کے دوران بجھے بجھے نظر آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔