بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصل رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  پير 6 جون 2016

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ حکومت نے بلوچستان سے گرفتار ’’را‘‘ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو تک بھارت کو قونصل رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

اسلام آباد میں سیف سٹی پروجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقت کا روپ دھار رہا ہے لیکن بعض عناصر اس منصوبے کے خلاف ہیں، بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو خاص مقصد کے لیے پاکستان آیا تھا، وہ غیر ملکی جاسوس ہے اس لیے اسے قونصلر رسائی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کے خدشے کے باعث کئی سڑکیں بحال کی ہیں، سیف سٹی پروجیکٹ کی 6ماہ تک مانیٹرنگ کے بعد اسلام آباد میں مزید ناکے کم کردیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے موبائل سمزکی تصدیق کاعمل ریکارڈمدت میں مکمل کیاہے۔ جعلی شناختی کارڈ رکھنےوالوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، شناختی کارڈز کی تصدیق میں بھی عوام کوتکلیف نہیں ہوگی اور کسی کو بھی اس سلسلے میں لائنوں میں لگنا نہیں پڑے گا۔

اس سے قبل اسلام آباد میں پولیس کی 480 ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جب حکومت ہمارے حوالے کی گئی تو روزانہ کی بنیاد پر 5 یا 6 دھماکے ہوتے تھے لیکن ہم نے ایک سیاسی جماعت کی طرح صرف نعروں کی تبدیلی نہیں لائی بلکہ حقیقی تبدیلی لا کر اپنے ملک کو دہشتگری سے پاک کرنے کی کوشش کی ۔ گزشتہ 2 برس میں افواج پاکستان اور سیکیورٹی فوسز نے عوام کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف تاریخی جدوجہد کی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ  اسلام آباد پولیس میں بہتری آئی ہے میری شدید خواہش تھی کہ اسلام آباد پولیس میں جذبوں سے بھرا اور خدمت سے سرشار نیا خون شامل ہو ،اور اس خواہش کی تکمیل ہوئی کہ میرے سامنے 480 نوجوانوں کا دستہ کھڑا ہے کل سے پاکستان کے دارالحکومت کی سیکیورٹی اور عوام کو انصاف پہنچانے کی ذمہ داری ان کے سپرد ہوگی ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی پارٹی ، علاقے یا خاندان سے تعلق رکھنے والے کو ترجیح نہیں دی بلکہ انصاف کو ملحوظ خاطر رکھا یہ وہ نوجوان ہیں جن میں کوئی ایک بھی سفارشی نہیں بلکہ اپنی قابلیت کی بنیاد پر یہاں کھڑے ہیں۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جرائم کو کم کرنا نہیں بلکہ کرائم فری کرنا ہے۔  دستے میں موجود ایک ایک کیڈت تبدیلی لا سکتا ہے میرا کام پالیسی بنانا اور اس پر عمل کرکے دکھانا پولیس اہلکاروں کاکام ہے۔

واضح رہے کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 47 لڑکیوں سمیت 480 کانسٹیبل پاس آؤٹ ہوئے۔  اس موقع پر امریکی سفارتخانے کی جانب سے پولیس کو گاڑیاں اور چینی سفارتخانے کی جانب سے دی گئی گاڑیاں ایف سی اور آر پی او راولپنڈی کے سپرد کی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔