لڑکی بازیاب اور شہری کو تحفظ فراہم کرنیکی ہدایات

ایکسپریس اردو  اتوار 22 جولائی 2012
غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آئینی درخواست  اورگمشدہ شہری کی تلاش کیلیے ہوم ڈپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کردیے گئے۔ فوٹو ایکسپریس

غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آئینی درخواست اورگمشدہ شہری کی تلاش کیلیے ہوم ڈپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کردیے گئے۔ فوٹو ایکسپریس

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے لڑکی کے اغوا کے متعلق آئینی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ایس ایچ او نبی بخش اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے ، درخواست گزار مسمات شمیم نے موقف اختیارکیا ہے کہ اس کی بیٹی حنا شو مارکیٹ کے علاقے میں واقع اپنے بڑے بھائی کے گھر ملنے گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی۔

درخواست گزار کے مطابق اس نے لڑکی کے اغواکی ایف آئی آر نبی بخش تھانے میں درج کرائی لیکن پولیس اسے بازیاب کرانے کے بجائے درخواست گزار سے ہی رشوت طلب کررہی ہے، درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ پولیس کو ہدایت کی جائے کہ وہ اسکی بیٹی کو بازیاب کرنے کے اقدامات کرے، اسی بینچ نے جان کے خطرے سے متعلق صابر بنگش کی درخواست نمٹاتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اسے اور اسکے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے ،

درخواست گزار نے موقف اختیارکیا ہے کہ اسکے والد،بیٹا اور برادرنسبتی فرقہ وارانہ بنیادوں پر ہلاک کیے جاچکے ہیں اور اس پر بھی دو تین بار قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے اس لیے پولیس کو ہدایت کی جائے کہ اسے مناسب تحفظ فراہم کرے ،فاضل بینچ نے اس کی استدعا منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے، علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے باتھ آئی لینڈ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آئینی درخواست پر نوٹس جاری کردیے ،

درخواست میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، ڈائریکٹر بلڈنگ صدر اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے رانا فیض الحسن نے موقف اختیارکیا ہے کہ پلاٹ نمبر D-11باتھ آئی لینڈ کلفٹن پر غیرقانونی تعمیرات کی جارہی ہیں ، منظور شدہ پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھتوں پر پینٹ ہاوس بنائے جارہے ہیں اور تعمیرات میں قانون کے مطابق لازمی کھلا حصہ چھوڑنے کے بجائے اس پر بھی تعمیرات کی جارہی ہیں لیکن بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام اس غیر قانونی اقدام پر کارروائی کرنے کے بجائے اسے نظرانداز کررہے ہیں ،

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے انہدام کے احکامات جاری کیے جائیں ، جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ابتدائی دلائل کی سماعت کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر مدعا علیہان کو 27جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیے، سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہری کی بازیابی کے متعلق آئینی درخواست پر ہوم ڈپارٹمنٹ سندھ ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔