ہنگری میں گورکنوں کے درمیان قبریں کھودنے کا مقابلہ

ویب ڈیسک  منگل 7 جون 2016
مقابلے کے لیے 2 افراد پر مشتمل 18 ٹیموں نے حصہ لیا جنہیں درست انداز میں تیزی سے قبریں کھودنا تھیں۔ فوٹو: رائٹرز

مقابلے کے لیے 2 افراد پر مشتمل 18 ٹیموں نے حصہ لیا جنہیں درست انداز میں تیزی سے قبریں کھودنا تھیں۔ فوٹو: رائٹرز

بوڈا پیسٹ: ہنگری میں ہونے والے ایک عجیب وغریب مقابلے میں درجنوں گورکنوں نے قبر کھودنے کی چیمپیئن شپ میں حصہ لیا۔

اس مقابلے میں یہ دیکھا گیا کہ کون زیادہ تیزی اور درست انداز میں قبر کھودتا ہے۔ مقابلے کے لیے 2 افراد پر مشتمل 18 ٹیموں کو ان کے مطلوبہ مقام پر کھڑا کیا گیا جہاں انہیں درست انداز میں تیزی سے قبر کھودنا تھی۔ اسٹارٹ کے اشارے کے ساتھ ہی گورکنوں نے  بیلچوں سے قبریں کھودنا شروع کردیں۔

یہ مقابلہ ہنگری کےدوسرے بڑے شہر ڈیبریکن میں منعقد کیا گیا جس میں گورکن تنظیم کے سربراہ نے کہا کہ یہ ایک پروفیشنل مقابلہ ہے اور جیتنے والوں کو اپنے فن اور پیشے پر فخر ہوگا۔ اسی شہر سے تعلق رکھنے والے گورکن کی ایک ٹیم نے صرف آدھے گھنٹے میں قبر کھود ڈالی اور اضافی ایک گھنٹے میں قبر کی اطراف کو ہموار کرکے اسے باقاعدہ انداز میں تیار کردیا ۔

اس کے بعد مقابلے میں جیوری کے اراکین نے باری باری تمام قبروں کو دیکھا۔ اس میں قبر کی اطراف، خوبصورتی اور صفائی کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ تمام قبروں کی معیاری لمبائی اور چوڑائی کو بھی نوٹ کیا گیا۔ ہنگری میں قبر 200 سینٹی میٹر لمبی، 80 سینٹی میٹر چوڑی اور 160 سینٹی میٹر گہری ہوتی ہے۔

یہاں جیتنے والی ٹیم اب قبرکھودنے کے بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کرکے پولینڈ، سلوویکیا اور چیک ریپبلک کے گورکنوں سے مقابلہ کریں گے۔ اس مقابلے کا انعقاد گورکنوں کو ان تنگ مقامات پر قبر کھودنے کی تربیت فراہم کرنا ہے جہاں مشینوں کے ذریعے قبربنانا ممکن نہیں ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔