پورے ملک میں رمضان المبارک ایک ساتھ

ایڈیٹوریل  منگل 7 جون 2016
توقع ہے کہ جس طرح وطن عزیز میں ایک ساتھ متفقہ طور پر رمضان المبارک کا آغاز ہوا ہے ایسے ہی اس برس اہل وطن عید بھی ایک ساتھ منائیں گے۔ فوٹو

توقع ہے کہ جس طرح وطن عزیز میں ایک ساتھ متفقہ طور پر رمضان المبارک کا آغاز ہوا ہے ایسے ہی اس برس اہل وطن عید بھی ایک ساتھ منائیں گے۔ فوٹو

پاکستان میں ماہ مقدس کا آغاز چاند نظر آتے ہی ہوگیا، برسوں بعد خوش کن خبر اہل وطن کے لیے یہ تھی کہ رمضان المبارک کا پورے ملک میں ایک ساتھ آغاز ہوا ہے اور رویت کے حوالے سے کسی بھی قسم کا اختلاف دیکھنے میں نہیں آیا، جب کہ اس سے قبل نہ تو رمضان کا آغاز ایک ساتھ ہوتا تھا اور نہ ہی عید ایک ساتھ منائی جاتی تھی۔ یہ عمل امت میں تفریق اور جگ ہنسائی کا سبب تھا ، اس مرتبہ وفاقی وزیر مذہبی امور نے بہت فعال کردار ادا کیا، اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے ملاقات میں انھیں قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔

رویت کی شرعی شہادت کے لوازمات یقینا اپنی جگہ اہمیت کے حامل ہیں، اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور مدد لی جاسکتی ہے، جو باقاعدہ طور پر رویت کے حوالے سے مددگار و معاون ثابت ہوسکتی ہے، کیونکہ سائنس نے اب اتنی  ترقی کرلی ہے، کہ وہ چاند کی رویت کے حوالے سے ایک معتبر شہادت مانی جاسکتی ہے کیونکہ چاند کی مختلف حالتوں کی اشکال اس کی پیدائش ، نظر آنے کے اوقات تک محکمہ موسمیات بتا دیتا ہے، گو کہ اس مرتبہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند کی رویت کی شہادتیں لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، ہری پور،خوشاب، پاکپتن، جہلم، ملتان، ساہیوال، خیر پور، سانگھڑ سمیت کئی شہروں سے موصول ہوئیں۔

مرکزی کمیٹی کے تمام اراکین نے خود چاند بھی دیکھا۔ تو کوئی ابہام ہی نہ رہا،اس بار سورج غروب ہونے کے بعد چاند نظر آنے کی مدت تیس منٹ محکمہ موسمیات نے بتائی تھی، صورتحال اس وقت پیچیدہ ہوتی ہے کہ جب آسمان صاف نہ ہو،گہرے سیاہ بادل، شدید بارش ہو، یا پھر چاند کے نظر آنے کے وقت انتہائی کم ہو، بارہ تا چودہ منٹ ، ایسی صورتحال میں ایک عام انسانی آنکھ کے لیے ممکن نہیں ہوتا کہ وہ چاند دیکھ سکے ۔

جدید دور میں جدید سائنسی ٹیکنالوجی سے بیشمار اسلامی ممالک استفادہ کررہے ہیں، ہمارے علمائے کرام کو بھی ذاتی انا اور ضد کو چھوڑکر جدید سائنس کی مہیاکردہ سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ بغیر کسی اختلاف کے ملک میں ایک ساتھ رمضان کا آغاز ہو اورعید بھی سب ایک ہی دن مل جل کر منائیں ۔ کیونکہ ماہ رمضان المبارک ہمیں حسن سلوک اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ اسی پر عمل پیرا ہونے میں ہماری فلاح کا راز پوشیدہ ہے ، توقع ہے کہ جس طرح وطن عزیز میں ایک ساتھ متفقہ طور پر رمضان المبارک کا آغاز ہوا ہے ، ایسے ہی اس برس اہل وطن عید بھی ایک ساتھ منائیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔