دنیا کی 13 خوبصورت اور تاریخی مساجد

ویب ڈیسک  بدھ 8 جون 2016
دنیا بھر میں خوبصورت اور اہم تاریخی مساجد کا احوال جنہیں دیکھ کر روحانی اور ایمانی احساس جاگ جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر میں خوبصورت اور اہم تاریخی مساجد کا احوال جنہیں دیکھ کر روحانی اور ایمانی احساس جاگ جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: مساجد دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کی عبادت گاہوں میں شمار ہوتی ہیں اور دنیا بھر میں خوبصورت اور وسیع مساجد میں سے لاتعداد ایسی ہیں جو دیکھنے والوں کو نہ صرف روحانی بلکہ حسن سے بھرپور نظارہ بھی فراہم کرتی ہیں۔

1: مسجدِ نبوی:

کعبہ کے بعد مسجدِ النبوی دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے دنیا کا اہم ترین مقدس مقام ہے۔

2: سلطان قابوس مسجد، مسقط، اومان

سلطان قابوس مسجد کو دیکھ کر انسان حیران رہ جاتا ہے ۔ اس خوبصورت اور پرشکوہ مسجد کا افتتاح سال 2001 میں کیا گیا تھا۔ یہ اومان کے دارالحکومت مسقط میں تعمیر کی گئی ہے۔

3: میزون مسجد، اومان

یہ مسجد بھی اومان میں تعمیر کی گئی ہے ۔ اسے الموالی، اومان میں سال 2006 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ مسجد کا نام سلطان قابوس کی والدہ سیدہ میزون بنت احمد کے نام سے معنون ہے۔ ہر سال ہزاروں سیاح اس مسجد کو دیکھنے آتے ہیں۔

4: ناصرالملک مسجد، ایران

ایران کے خوبصورت شہر شیراز میں قائم یہ مسجد ایک تاریخی عمارت ہے جسے 1888 میں قائم کیا گیا تھا۔ اسے مرزا حسن علی ناصر الملک نے قائم کیا تھا۔

5: اورتاکوئے مسجد ، استنبول

ترکی کے شہر استنبول میں خوبصورت اور تاریخی مساجد موجود ہیں جو اس شہر کی وجہ شہرت بھی ہیں۔ ان میں سے ایک اورتاکوئے مسجد ہے جسے ترک ماہرِ تعمیرات نگوگوس بے لان نے 1853 میں تعمیر کیا تھا۔

6: نیلی مسجد، استنبول

ترکی کے شہر استنبول کو خوبصورت مساجد کا شہر بھی کہا جاتا ہے ۔ یہاں نیلی مسجد واقع ہے ۔ اس مسجد کے 6 مینار سوئیوں کی طرح دکھائی دیتے ہیں جو اس مسجد کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔ عثمانی عہد کے فرمانروا احمد اول نے یہ مسجد 1609 سے 1616 کے درمیان تعمیر کرائی تھی۔ مسجد میں جا بجا نیلی ٹائلیں لگی ہیں اور اسی بنا پر اس کا نام نیلی مسجد رکھا گیا ہے۔

 7: حسن دوم مسجد، کیسا بلانکا، مراکش

جامعہ مسجد حسن دوم دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسجد ہے۔ اس کے خاص مینار کی بلندی 210 میٹر ہے۔ سمندر کے کنارے واقع یہ عالیشان مسجد اپنے حسن سے ہر ایک کو متاثر کرتی ہے اور یہاں سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔

8: مسجد وزیرخان، لاہور، پاکستان

مسجد وزیر خان مغلیہ طرزِ تعمیر کا ایک شاہکار ہے جس کا آغاز 1634 سے 1635 کے درمیان ہوا تھا۔ اس کی تعمیر میں 7 برس سے زائد کا عرصہ لگا تھا اور آج بھی یہ اپنی خوبصورت ٹائلز اور نقش نگاری کے لیے دنیا بھر میں غیرمعمولی شہرت رکھتی ہے۔

9: مسجدِ قرطبہ، اسپین 

قرطبہ کی جامعہ مسجد بھی تاریخی لحاظ سے غیرمعمولی شہرت رکھتی ہے۔ اسے دسویں صدی عیسوی میں شاہ عبدالرحمان سوئم کے عہد میں تعمیر کیا گیا تھا۔ علامہ اقبال نے بھی قرطبہ مسجد پر ایک نظم کہی ہے۔

10: الاقصیٰ مسجد، یروشلم 

الاقصیٰ مسجد کو عالمِ اسلام میں غیرمعمولی مذہبی اور تاریخی حیثیت حاصل ہے۔ یہ مسجد یروشلم کے قدیم حصے میں آباد ہے ۔ اسے اسلام میں تیسری مقدس عبادت گاہ کا درجہ حاصل ہے۔

11: بادشاہی مسجد ، لاہور

لاہور کی مشہور بادشاہی مسجد مغل حکمراں اورنگزیب نے تعمیر کی تھی۔ اس کا صحن بہت وسیع ہے جسے سرخ اینٹوں سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ مسجد لاہور کی تعمیرات میں غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے۔

12:شاہ فیصل مسجد اسلام آباد

1986 میں مکمل ہونے والی شاہ فیصل مسجد کو ایک خیمے کی شکل میں تعمیر کیا ہے۔ اسکا ڈیزائن ترک آرکیٹیکٹ نے تیار کیا اور یہ خطیر رقم سے 1986 میں مکمل ہوئی۔ شاہ فیصل مسجد کے لیے سعودی عرب نے سب سے بڑا عطیہ فراہم  کیا تھا۔

13: شیخ زائد مسجد، ابو ظہبی

اس مسجد کی خاص بات یہ ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے بُنا ہوا قالین یہاں بچھایا گیا ہے جسے 1200 کاریگروں نے مہینوں کی محنت سے تیار کیا۔ اس کا فانوس 12 ٹن وزنی ہے اور اس کی طرزِ تعمیر اپنی خوبصورتی میں بے مثال ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔