بغداد میں خودکش دھماکے؛ 7 فوجیوں سمیت  25 افراد ہلاک، 70 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 9 جون 2016
بغداد میں ہونے والے دونوں دھماکے کار کے ذریعے کئے گئے جس میں 25 افراد جاں بحق ہوئے : فوٹو : فائل

بغداد میں ہونے والے دونوں دھماکے کار کے ذریعے کئے گئے جس میں 25 افراد جاں بحق ہوئے : فوٹو : فائل

بغداد: عراقی دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 2 خودکش بم دھماکوں میں 7 فوجیوں سمیت 25 افراد ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق جمعرات کی صبح بغداد کے مختلف علاقوں میں اس وقت یکے بعد دیگرے 2 خودکش کار بم دھماکے ہوئے جب لوگوں کی بڑی تعداد اپنے روزمرہ کاروبار زندگی کی انجام دہی میں مصروف تھی۔ پہلا دھماکا بغداد کے مشرقی ضلع الجدیدہ کی مصروف تجارتی شاہراہ پر ہوا۔ جہاں خودکش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی عین اس وقت اڑا دی جب لوگوں کی بڑی تعداد رمضان المبارک کے سلسلے میں خریداری میں مصروف تھی، دھماکےکے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جب کہ 50 زخمی ہوگئے۔

دوسرا حملہ بغداد کے شمالی علاقے تاجی میں واقع عراقی فوجی اڈے پر کیا گیا۔ جس میں خودکش حملہ آور نے بارودی گاڑی کو فوجی چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا، دھماکے کے نتیجے میں  7 فوجیوں سمیت 10 افراد ہلاک جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دونوں حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔