بلوچستان ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، چینی وزارت خارجہ

ویب ڈیسک  جمعـء 10 جون 2016
عالمی برادری کو پاکستان کی سالمیت اور  خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے، ترجمان چینی وزارت خارجہ، فوٹو؛ فائل

عالمی برادری کو پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے، ترجمان چینی وزارت خارجہ، فوٹو؛ فائل

بیجنگ: بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف چین بھی پاکستان کی حمایت میں آگیا اور چینی وزارت خارجہ نے نوشکی ڈرون حملے کو پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ڈرون حملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے جب کہ عالمی برادری کو پاکستانی سالمیت، خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل اور انسداد دہشت گردی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے، افغان مصالحتی عمل کے لیے چارملکی گروپ تشکیل دیا گیا جس کا مقصد افغانستان میں امن قائم کرنا ہے جب کہ تمام فریق افغان مصالحتی عمل کے حصول کے لیے اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے نوشکی میں امریکی ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔