سندھ کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 جون 2016
 نئے بجٹ میں 50 ہزار نئی سرکاری ملازمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع، فوٹو؛ فائل

نئے بجٹ میں 50 ہزار نئی سرکاری ملازمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع، فوٹو؛ فائل

کراچی: صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ سندھ کا نئے مالی سال  کا 830 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج اسمبلی میں پیش کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، 830 ارب روپے سے زائد کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں خسارے کو پورا کرنے کے لیے حکومت سندھ آمدنی بڑھانے کے لیے بعض سروسز پر ٹیکس عائد کرے گی جب کہ پراپرٹی ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس سمیت کچھ موجودہ ٹیکسز میں  اضافہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نئے مالی سال میں ترقیاتی کاموں پر 250 ارب روپے، کراچی کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ شہر کے بعض میگا پروجیکٹس کے لیے بھی رقوم مختص کی جائیں گی جن میں ایس۔ 3، اورنج لائن بس پروجیکٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی کے پانی کے منصوبے کے ۔4 کے لیے سندھ حکومت اپنے حصے کی رقم میں  سے 6 ارب روپے مختص کرے گی۔ نئے بجٹ میں 50 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان جب کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں  اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس 10 فیصد بڑھانے کا امکان ہے جب کہ پراپرٹی ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے، سیکیورٹی کے بجٹ میں بھی 25 فیصد اضافہ اور بلدیاتی اداروں  کے بجٹ میں  بھی اضافہ کیا جائے گا۔ بجٹ میں صوبے کو اپنے محصولاتی اور غیر محصولاتی ذرائع سے ہونے والی ریونیو آمدنی کا تخمینہ تقریباً 2 ارب روپے لگایا گیا ہے جب کہ ریونیو اخراجات کا تخمینہ 5 کھرب 50 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔