بولرز کی شکایت پر آئی سی سی بیٹسمینوں کے پیچھے پڑ گئی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 11 جون 2016
ایل بی ڈبلیو ریویوپر شک کا فائدہ کم کرنے کی تجویز،اجلاس میں غور ہو گا۔ فوٹو: فائل

ایل بی ڈبلیو ریویوپر شک کا فائدہ کم کرنے کی تجویز،اجلاس میں غور ہو گا۔ فوٹو: فائل

دبئی: بولرز کی شکایت پرآئی سی سی بیٹسمینوں کے پیچھے پڑ گئی، بیٹ کا سائزمحدودکرنے کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں اب ایل بی ڈبلیو پر شک کا فائدہ ملناکم ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے جاری لارڈز ٹیسٹ میں میزبان بیٹسمین جونی بیئراسٹو کے 59 رنز پر ایل بی ڈبلیو سے بچ جانے پر نئی بحث شروع ہوگئی، آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں شامل سابق سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے انکشاف کیا ہے کہ ہماری پیش کردہ تجاویز منظور ہوگئیں تو ایل بی ڈبلیو فیصلوں میں مزید سہولت ہوجائے گی، سردست آن فیلڈ امپائرز کا فیصلہ تبدیل کرنے کیلیے تھرڈ امپائر کو گیند کے ٹرن ہونے پر وکٹوں سے ہٹ کرنے کا مارجن 50 فیصد دیاگیا ہے ۔

ہم نے اسے کم کرکے 25 فیصد تجویز کیا ہے، واضح رہے کہ ایم سی سی قواعد میں بیان کیاگیاکہ گیند کے وکٹ کو کسی بھی جانب سے ہٹ کرنے پر بیٹسمین کو آئوٹ قرار دیا جاسکتا ہے، جے وردنے نے مزید کہا کہ یہ غیرمنصفانہ ہوگا کہ کوئی ٹیم ایل بی ڈبلیو پر کلوز فیصلے میں اپنا ریویو کھوبیٹھے، تحقیق میں ظاہر ہوتا ہے کہ سردست آن فیلڈ امپائرز کے 80 فیصد فیصلوں پر ٹی وی آفیشل حریف بیٹسمینوں کو آئوٹ قرار دے دیتے ہیں، شک پر فائدہ دینے کیلیے 25 فیصد کا تناسب مناسب ہوگا۔کرکٹ کمیٹی کی یہ تجاویز 28 جون کو ایڈنبرا میں شیڈول آئی سی سی اجلاس میں زیرغور آئیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔