انگلینڈ کو قابو کرنے کیلیے ’’ماسٹر پلان‘‘ کی تیاری؛ کوچ اور کپتان نے سر جوڑ لیے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 11 جون 2016
معاونین سے میٹنگ میں ہر کھلاڑی کی انفرادی فٹنس کا جائزہ لیا۔ فوٹو:ایکسپریس

معاونین سے میٹنگ میں ہر کھلاڑی کی انفرادی فٹنس کا جائزہ لیا۔ فوٹو:ایکسپریس

 لاہور: انگلینڈ کو قابو کرنے کیلیے ’’ماسٹرپلان‘‘ کی تیاری  کے سلسلے میں کوچ اور کپتان نے سرجوڑ لیے، گذشتہ روز دونوں کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ملاقات ہوئی، مکی آرتھر نے قومی کرکٹرزکو بھی فٹنس پلان نظر انداز نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق دورئہ انگلینڈ کی تیاری کیلیے فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوئے، بعد ازاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آرمی ٹرینرز کی زیر نگرانی کیمپ میں کھلاڑیوں کو سپر فٹ بنانے کیلیے خصوصی مشقوں کا سلسلہ جاری رہا،لاہور میں اسکلز کیمپ کے دوران صلاحیتیں نکھارنے اور تکنیک بہتر بنانے کیلیے کام کیاگیا، تینوں مراحل میں نو منتخب ہیڈ کوچ مکی آرتھر قومی کرکٹرز کیساتھ نہیں تھے تاہم انھیں تمام سرگرمیوں سے آگاہ رکھتے ہوئے رہنمائی بھی لی گئی،ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گذشتہ روز مکی آرتھر کی کپتان مصباح الحق سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر انگلینڈ کو قابو کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، قبل ازیں آرتھر نے انھیں انڈور پریکٹس کرتے دیکھا، طویل سیشن کے دوران انگلش کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے سینئر بیٹسمین کو مفید مشورے بھی دیے۔

اس سے قبل محمد حفیظ بھی پریکٹس کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی آئے تو ہیڈ کوچ کی توجہ کا مرکز بنے، اس موقع پر انھوں نے اوپنر کی تکنیک بہتر بنانے کیلیے ٹپس بھی دیں،اپنے معاونین سے ملاقات میں مکی آرتھر نے اب تک کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر کھلاڑی کی انفرادی فٹنس کا جائزہ لیا، انھیں بتایا گیا کہ اسکلز کیمپ کے بعد رخصت پر جانے والے کرکٹرز18 جون کو انگلینڈ روانہ ہونگے، اس دوران ان کی جانب سے کوئی غفلت فٹنس بہتر بنانے کیلیے کی گئی محنت پر پانی پھیر سکتی ہے، فزیو شین ہیز اور ٹرینر و فیلڈنگ کوچ نے کھلاڑیوں کو فٹنس پلان دے رکھا ہے، مکی آرتھر نے کھلاڑیوں تک پیغام پہنچایاکہ وہ دیے گئے پروگرام کے مطابق رمضان میں کم ازکم رات کو ٹریننگ کرنے کے ساتھ خوراک کا بھی خیال رکھیں۔ دریں اثنا پی سی بی کے جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے بھی ہیڈ کوچ سے ملاقات میں دورئہ انگلینڈ کے شیڈول پربات چیت کی۔

بورڈ عہدیدار نے انھیں کنڈیشننگ کیمپ کے مکمل پلان اور قومی اسکواڈ کے قیام و طعام کی سہولیات سے آگاہ کیا، مکی آرتھر نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ میں ٹریننگ کا موقع ملنے سے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی، ذرائع کے مطابق کنڈیشننگ کیمپ کے دوران بھی کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے، مسائل پر قابو پانے کی پوری کوشش ہوگی، سینئر جونیئر کا فرق ملحوظ خاطر رکھے بغیر صرف سپر فٹ کرکٹرز کو ہی حتمی اسکواڈ میں جگہ ملے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد ہیڈ کوچ کو تمام معاملات سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں،چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی مشاورت ہوگی جس کے بعد ممکنہ بیٹنگ آرڈر تیار کرکے انگلینڈ میں کنڈیشننگ کیمپ کے دوران اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پریکٹس سیشنز کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔