عبدالستارایدھی نے زرداری کی بیرون ملک علاج کی پیشکش ٹھکرا دی

این این آئی  ہفتہ 11 جون 2016
اگر عبدالستار ایدھی کی صحت بہتر نہ ہوئی تو وہ دوبارہ آئیں گے اور انھیں علاج کیلیے خود لے کر جائیں گے، رحمان ملک:فوٹو: فائل

اگر عبدالستار ایدھی کی صحت بہتر نہ ہوئی تو وہ دوبارہ آئیں گے اور انھیں علاج کیلیے خود لے کر جائیں گے، رحمان ملک:فوٹو: فائل

 کراچی: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اور ملک کی معروف ترین سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے بیرون ملک علاج کی پیشکش مسترد کردی۔

سابق وزیرداخلہ رحمن ملک سابق صدرکی جانب سے بیرون ملک علاج کا پیغام لے کرعبدالستار ایدھی کے پاس پہنچے اورکہا کہ وہ انھیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے علاج کیلیے بیرون ملک لے جانا چاہتے ہیں تاہم معروف سماجی کارکن نے اشارے سے انھیں بتایا کہ وہ پاکستان میں ہی رہنا چاہتے اور پاکستان کے سرکاری اسپتال میں ہی علاج کرانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر رحمن ملک کا کہنا تھا کہ اگر عبدالستار ایدھی کی صحت بہتر نہ ہوئی تو وہ دوبارہ آئیں گے اور انھیں علاج کیلیے خود لے کر جائیں گے۔

واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی 2013 سے گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں اور ہفتے میں تین مرتبہ ڈائیلاسز کراتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔