امریکی گلوکارہ کرسٹینا گریمی قتل، حملہ آورنے خودکشی کرلی

نیٹ نیوز / اے ایف پی  اتوار 12 جون 2016
 گریمی کے بھائی نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس نے بعد میں خود کو گولی مار کر خود کو ختم کر لیا، حکام:فوٹو: فائل

گریمی کے بھائی نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس نے بعد میں خود کو گولی مار کر خود کو ختم کر لیا، حکام:فوٹو: فائل

فلوریڈا: امریکی ٹی وی پروگرام ’دی وائس‘ میں حصہ لینے والی گلوکارہ کرسٹینا گریمی آرلینڈو میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گئیں۔

بی بی سی کے مطابق گلوکارہ کرسٹینا گریمی کو آرلینڈو میں ہونے والے کنسرٹ کے بعد گولی ماری گئی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئی تھیں تاہم بعد میں مقامی اسپتال میں دم توڑگئیں۔  فلوریڈا کی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے کرسٹینا گریمی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے مداحوں کو آٹو گراف دے رہی تھیں۔

حکام کے مطابق گریمی کے بھائی نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس نے بعد میں خود کو گولی مار کر خود کو ختم کر لیا۔ حملہ آور کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ گریمی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر بہت جلدی پھیل گئی جس میں ان کے مداحوں نے ان کی موت پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گریمی نے 2014ء میں امریکہ میں چلنے والے ’دی وائس‘ شو کے چھٹے سیزن میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔