یکم رمضان المبارک، کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

ایکسپریس اردو  اتوار 22 جولائی 2012
الآصف اسکوائرکی یونین اورقصابوں میںتصادم،5افغان قصاب ہلاک، مشتعل افرادکاسپرہائی وے پرہنگامہ،پولیس افسران سمیت6 زخمی۔ فائل فوٹو

الآصف اسکوائرکی یونین اورقصابوں میںتصادم،5افغان قصاب ہلاک، مشتعل افرادکاسپرہائی وے پرہنگامہ،پولیس افسران سمیت6 زخمی۔ فائل فوٹو

کراچی: کراچی میں ماہ صیام میں بھی ہلاکتوں کاسلسلہ نہیں رکا،پہلے روزے کومختلف علاقوں میں فائرنگ سے10افرادجان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔بھتہ نہ دینے پرکلفٹن میں کنسٹرکشن کمپنی کے دفترپرکریکر سے حملہ کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ الآصف اسکوائرکی یونین اور قصابوں میں رقم کے تنازع پرتصادم میں5 افغانی قصاب مارے گئے۔ پولیس کے مطابق الآصف اسکوائر کے اندر گوشت مارکیٹ کی گلی میں2گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے26 سالہ شاہ فیصل،30 سالہ غلام رسول اور26 سالہ مرزا ہلاک ہوگئے جبکہ 28 سالہ زاہد ، 32 سالہ سلات خان ، 23 سالہ اکرام الدین،26 سالہ عبدالبشیر،30 سالہ عبد الخالق اور10 سالہ بچہ آغامیر زخمی ہوگئے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیاجہاں عبدالخالق اور آغامیر دوران علاج ہلاک ہوگئے۔واقعے کے بعد مشتعل افراد نے شاہ فیصل مرزا اورغلام رسول کی لاشیں سہراب گوٹھ الآصف اسکوائرکے سامنے سپرہائی وے پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا،

مشتعل افراد نے گاڑیوں پر پتھراؤ کرکے ٹریفک معطل کرا دیا جس کے باعث سپر ہائی وے اور شارع پاکستان پربدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں،مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کے دوران ایس پی گڈاپ ٹاؤن کے آفس کا گھیراؤ کرکے نعرے لگائے،پولیس اور رینجرز کی نفری کے پہنچنے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سہراب گوٹھ سلطان محسود اور چوکی انچارج احسان اﷲ مروت گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے،

پولیس نے مشتعل مظاہرین کومنتشرکرنے کیلیے ہوائی فائرنگ کی،بعد ازاں گڈاپ ٹاؤن پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری نے الآصف اسکوائر، حاجی جنت ٹاؤن اور اس سے متصل علاقوں کا محاصرہ کر کے ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے کران کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا،ڈی ایس پی افتخار لودھی نے ایکسپریس کو بتایاکہ حاجی جنت گل کا پوتا الآصف اسکوائرکی یونین کا عہدیدار ہے جس کا یونین کی رقم کے معاملے پر گوشت مارکیٹ کے دکانداروں سے تنازع چل رہا تھا ، 4 دن قبل بھی قصابوں کایونین کے عہدیداروں سے جھگڑاہواتھا۔

انھوں نے بتایاکہ 7 افرادکو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاگیا ہے،گلستان جوہر کے علاقے بختاور گوٹھ میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے52 سالہ یعقوب سولنگی ہلاک ہوگیا،ایس ایچ او گلستان جوہرکینسن ڈین نے بتایا کہ مقتول بختاور گوٹھ دبئی ہاؤس کے قریب کا رہائشی اور محنت کش تھا،الفلاح سوسائٹی جمع گوٹھ ایچ بلاک مکان نمبر ایچ مکان نمبر H/1 کے رہائشی 35 سالہ سراج احمد کو اس کے دوستوں نے تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا ، مقتول کی اہلیہ رضوانہ کوثرکی اطلاع پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔

ایس ایچ او الفلاح سرفراز گوندل نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول رکشا چلاتا تھا جبکہ اس آبائی تعلق پنجاب کے علاقے لودھراں سے تھا،لانڈھی6نمبر سیکٹر36-Bزمان آباد موڑ کے قریب موٹر سائیکل پر جانے والے28سالہ محمد سلیم پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او لانڈھی ملک مظہر نے بتایا کہ مقتول لانڈھی36-Bکا رہائشی تھا،سعید آباد تھانے کی حدود داؤد گوٹھ قاسم مسجد کے قریب گندے نالے سے20سالہ خاتون کی4روز پرانی لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو سول اسپتال پہنچایا۔

ایس ایچ او سعیدآباد چوہدری ارشاد نے بتایا کہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے مقتولہ نے بادامی رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی تاہم اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت میں کوئی مدد مل سکے،جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود پٹیل پاڑہ میں رہائش پذیر سی آئی ڈی انویسٹی گیشن کے ڈی ایس پی اسرار اعوان گھر سے دفتر جانے کے لیے اپنی گاڑی نمبرSP-3306پر ڈرائیور سعید اور محافظ اسرار پٹھان کے ہمراہ جانے کے لیے نکلے تھے اورجیسے ہی ان کی گاڑی کچھ دور پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اسرار اعوان کا محافظ اسرار پٹھان6گولیاں لگنے سے جبکہ ڈی ایس پی اسرار اعوان2گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے،

ایس پی سی آئی ڈی مظہر مشوانی نے بتایا کہ سی آئی ڈی کے ڈی ایس پی اسرار اعوان دفتر جانے کے لیے نکلے تھے کہ دو موٹر سائیکل سواروں پر سوار4ملزمان نے ان کی کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور ان کا محافظ زخمی ہوگئے، انھوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی اسرار اعوان پر2004ء میں بھی اسی علاقے میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا اور اس وقت بھی وہ زخمی ہوئے تھے،پولیس کی بھاری نفری نے پٹیل پاڑہ اور اطراف کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

کلاکوٹ تھانے کی حدود لیاری آٹھ چوک پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے عریبہ زوجہ نثار ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔بلدیہ ٹاؤن نمبر2 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ حسین اعوان ہلاک ہوگیا ،گزری کے علاقے خیابان سحربنگلہ نمبر19کے رہائشی شیخ محمد وسیم کے گھر کے باہر تعینات نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈز نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی گارڈز ابراہیم ، ارشد اعوان اور شیر زمان زخمی ہو گئے ۔

کلفٹن خیابان شمشیر عبد اﷲ شاہ غازی مزار شاہ رسول کالونی کے قریب زیر تعمیر پلاٹ پر واقع ایک کنٹینرمیں بنے کنسٹریکشن کمپنی کے دفترپرنامعلوم افراد نے کریکر پھینکا جس کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والی ایک کار کاونڈ اسکرین ٹوٹ گیا،پولیس کے مطابق بیراج بلڈر اینڈ ڈیولپر کے مالک ساجد میمن سے نامعلوم ملزمان نے 50 لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا،بھتے کی رقم دینے والے روز جب ملزمان رقم لینے پہنچے تو انھیں دفتر بند ملا جس پر انھوں نے کریکر سے حملہ کر دیا ۔

شارع نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک Q میں فائرنگ سے فرید خان اس کا بھائی شیر خان ، اورنگ زیب اور گل روز زخمی ہو گئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا پولسی کے مطابق علاقے کے لڑکے کرکٹ کھیل رہے تھے کہ بول شیر خان کے گھر کی کھڑکی پر لگی جس سے اس کا شیشہ ٹوٹ گیا جس پر شیرخان گھر سے باہر آیا اور کلاشن کوف سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے جس کے بعد زخمی ہونے والوں کے رشتے داروں کی فائرنگ سے شیر خان اور اس کا بھائی زخمی ہو گئے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔