یونیورسٹی روڈ کے پیڈسٹیرین برج کی حفاظتی گرل ٹوٹ پھوٹ کا شکار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 23 نومبر 2012
یونیورسٹی روڈ ، بالائی گزرگاہ کی حفاظتی گرل ٹوٹنے کے بعدرسیاں باندھ دی گئی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

یونیورسٹی روڈ ، بالائی گزرگاہ کی حفاظتی گرل ٹوٹنے کے بعدرسیاں باندھ دی گئی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی غفلت اورلاپروائی کے سبب یونیورسٹی روڈ پر قائم ’’پیڈ سٹیرین برج‘‘ ٹوٹ پھوٹ کا شکارہوگیا۔

پیڈسٹرین برج کی حفاظی گرل ٹوٹنے کے بعد غائب ہوچکی ہیں اور غائب ہونے والے حفاظتی گرل کی جگہ رسیاں باندھ کربرج سے سڑک عبورکرنے والوں کی حفاظت کی کوشش کی جارہی ہے جواپنی نوعیت کاایک انوکھا واقعہ ہے ، پیڈ سٹیرین برج کی حفاظتی گرل غائب ہوجانے اورکوئی مضبوط سہارانہ ہونے کے سبب کسی بھی وقت سڑک عبورکرنے والے شہری کسی بڑے حادثے کا شکارہوسکتے ہیں۔

نیپا چورنگی سے سفاری پارک جانے والی سڑک پرسندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے قریب قائم کیے گئے پیڈسٹیرین برج پرحفاظتی گرل ٹوٹنے کے بعد اس کی جگہ ڈوریاں اوررسیاں باندھ دی گئی ہیں تاہم حفاظتی گرل کی جگہ باندھی گئی یہ رسیاں توازن قائم نہ رکھنے کے باعث گرنے والے کسی شخص کوسہارانہیں دے سکتی ہیں، واضح رہے کہ مذکورہ پیڈیسٹرین برج سے روزانہ ہزاروں شہری بالخصوص سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن،جامعہ کراچی اوراین ای ڈی یونیورسٹی سے واپس آنے والے طلبہ اوراسکولوں کے بچوں سمیت اطراف کے علاقہ مکین سڑک عبورکرتے ہیں۔

تاہم پیڈیسٹیرین برج کے عین درمیان میں کراچی یونیورسٹی کے رخ پرحفاظتی گرل ٹوٹنے اورغائب ہونے کے سبب سڑک عبور کرنے والے یہ افراد کسی حادثے سے دوچارہوسکتے ہیں حفاظتی گرل ٹوٹنے اوردوسری کوئی مضبوط رکاوٹ نہ ہونے کے سبب پیڈیسٹیرین برج کے ذریعے توازن برقرارنہ رکھنے کی صورت میں کوئی بھی شخص براہ راست سیکڑوں فٹ کی اونچائی سے تیز رفتاراورمصروف شاہراہ یونیورسٹی روڈپرگرسکتاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔