دبئی کی کمپنی نے سونا اور ہیرے لگا کر دنیا کا سب سے مہنگا ٹائر تیار کرلیا

ٹائر پر سونے کے ورق اور ہیرے لگائے گئے اور ان کی قیمت 6 لاکھ ڈالر ہے جسے گنیز بک میں شامل کیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک June 16, 2016
ٹائر پر سونے کے ورق اور ہیرے لگائے گئے اور ان کی قیمت 6 لاکھ ڈالر ہے جسے گنیز بک میں شامل کیا گیا ہے۔ زیڈ ٹائرز کمپنی

PESHAWAR: مشرقِ وسطیٰ میں ٹائر بنانے والی مشہور کمپنی نے دنیا کا مہنگا ترین ٹائر تیار کیا ہے جس کے 4 ٹائروں کی قیمت قریباً 6 لاکھ ڈالر یعنی 6 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

کمپنی کے مطابق ان ٹائروں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں 24 قیراط سونے کی پٹیاں چڑھائی گئی ہیں اور اطراف میں قیمتی ہیرے جڑے گئے ہیں۔ دبئی کی فیکٹری میں پہلے زیڈ ون نامی ٹائر تیار کیے گئے اور انہیں اٹلی بھجوایا گیا جہاں فنکاروں نے اس پر سونے کی پرتیں اور قیمتی ہیرے احتیاط سے جڑے، اس کے بعد ان ٹائروں کو ابو ظہبی کے نئے صدارتی محل بھجوایا گیا ہے جہاں کسی امیر شیخ کی قیمتی ترین گاڑی میں اسے لگایا جائے گا لیکن ان کا نام ظاہر نہیں کیا جارہا۔



ٹائروں کی تیاری کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو باضابطہ دعوت دی گئی اور ان کے ماہرین کی تصدیق کے بعد ان چاروں ٹائروں کو دنیا کے مہنگے ترین ٹائروں کا سرٹفیکیٹ دیدیا گیا ہے اور اب باضابطہ طور پر یہ دنیا کے مہنگے ترین ٹائر ہیں۔

کمپنی کے سی ای او کا کہنا ہےکہ ہم ہمیشہ سے غیرمعمولی مہارت اور لگن سے زیڈ ٹائروں کی ایک وسیع رینج تیار کرتے رہے ہیں تاہم اس کے بعد ہم نے سوچا کہ ایسے ٹائر بنائیں جو کسی طرح کا ریکارڈ بناسکیں تو ایک خاص صارف کے لیے یہ ٹائر بنائے ہیں۔



دبئی کی تمام پارکنگ لائنوں میں انتہائی قیمتی گاڑیوں کو دیکھا جاسکتا ہے اور ان ٹائروں کی قیمت 2 کروڑ 20 لاکھ درہم ہے اور کمپنی کے مطابق اس کی رقم زینیسس فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی جو پوری دنیا میں تعلیمی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ ان ٹائروں کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کے مہنگے ترین ٹائر کا اعزاز دیا ہے۔

مقبول خبریں