آئی سی سی کا ون ڈے کرکٹ میں نئے رنگ بھرنے پرغور

مقابلوں کو مزید مسابقتی بنانے کے لیے 13ملکی لیگ متعارف کرائی جائے گی


Sports Desk June 19, 2016
ٹاپ 10کے ساتھ3چھوٹی ٹیمیں بھی شامل، رواں ماہ کی میٹنگ میں غور ہوگا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی ون ڈے کرکٹ میں نئے رنگ بھرنے پر غور کرنے لگی، مقابلوں کو مزید مسابقتی بنانے کیلیے 13 ملکی لیگ متعارف کرائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ٹیموں کو صلاحیتیں آزمانے کا یکساں موقع فراہم کرنے کی خواہش لیے آئی سی سی ون ڈے کرکٹ سسٹم میں تبدیلیاں لانے پر غور کررہی ہے، رواں ماہ کے آخر میں سالانہ جنرل میٹنگ میں اس معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔ ٹاپ 10 کے ساتھ 3 چھوٹی ٹیموں کو بھی شامل کیا جائے گا، ہر ملک کو دیگرکے ساتھ 3،3میچز کی سیریز کھیلنا ہوگی،3 سال میں 36 مقابلے پورے ہونے پر سیڈنگ کا تعین ہوگا،یوں ورلڈ کپ کیلیے الگ کوالیفائرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

تجاویز کے مطابق ایک روزہ مقابلوں کو مزید مسابقتی بنانے کیلیے 13 ملکی لیگ متعارف کرائی جائے گی جس میں ٹاپ 10کے ساتھ آئرلینڈ، افغانستان اور اسکاٹ لینڈ جیسی 3 چھوٹی ٹیموںکو بھی شامل کیا جائے گا، ہر ملک دیگر 12کے ساتھ 3،3 میچز کی سیریز کھیلنے کا پابند ہوگا،اس میں ہوم یا اوے دونوں طرح کے مقابلے شامل ہوسکتے ہیں، یوں ہر ٹیم کو 3 سال میں 36 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا، اس دورانیے کے اختتام پر2 سرفہرست ٹیمیں فائنل کھیلیں گی، سیڈنگ کا تعین بھی کیے جانے پر ورلڈ کپ کیلیے الگ کوالیفائرز ایونٹ کی ضرورت باقی نہیں رہے گی، فہرست میں سب سے نیچے رہنے والی ٹیم کو تنزلی کے بعد دوسرے درجے کی ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپئن شپ کھیلنا پڑے گی، سسٹم میں مجوزہ تبدیلیوں کا فیصلہ ہوگیا تو بھی مختلف ملکوں کو اضافی باہمی مقابلوں کا اہتمام کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم ان کے نتائج 13ملکی آئی سی سی لیگ پر اثر انداز نہیں ہونگے،حتمی فیصلہ ہونے پر نئے فارمولے کا اطلاق 2019سے ہوگا،سب سے زیادہ فائدہ آئرلینڈ، افغانستان اور اسکاٹ لینڈ کو ہوگا جنھیں بڑی ٹیموں کے ساتھ کم مقابلے ملنے کا شکوہ رہتا ہے۔

مقبول خبریں