حصص مارکیٹ 16300 کی حد برقرار رکھنے میں پھر ناکام

بزنس رپورٹر  جمعـء 23 نومبر 2012
222 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، کاروباری حجم 9 فیصد زائد، 25 کروڑ حصص کا لین دین۔   فوٹو: فائل

222 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، کاروباری حجم 9 فیصد زائد، 25 کروڑ حصص کا لین دین۔ فوٹو: فائل

کراچی: محرم الحرام میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تعطیل اور سرمایہ کاروں کی حاضری کم ہونے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوکاروباری صورتحال ملے جلے رحجان سے دوچار رہی۔

تاہم بعض بڑے حجم کی کمپنیوں کے علاوہ سیمنٹ اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں محدود خریداری کی وجہ سے 61.55 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی3 کروڑ57 لاکھ8 ہزار 567 روپے کا اضافہ ہوا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ جمعہ کو انسٹیٹیوشنز کے تعاون کی وجہ سے مارکیٹ بڑی نوعیت کی مندی سے بچ گئی کیونکہ سرمایہ کارگروپوں کی اکثریت نے دیکھواور انتظار کرو کی پالیسی اپنائی ہوئی تھی اور نئی خریداری کے بجائے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں اور بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر45 لاکھ96 ہزار 728 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے ایک موقع پر51.54 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 16300 کی حد ایک بار پھر عبور ہوگئی تھی۔

لیکن میوچل فنڈز کی جانب سے11 لاکھ11 ہزار130 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے3 لاکھ 99 ہزار844 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے5 لاکھ88 ہزار405 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 24 لاکھ97 ہزار348 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا کی وجہ سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ میں مندی رونما ہوئی جس کے نتیجے میںکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس13.42 پوائنٹس کی کمی سے 16237.59 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 31.28 پوائنٹس کی کمی سے 13171.29 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 55.08 پوائنٹس کی کمی سے 28210.26 ہوگیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 9.10 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر25 کروڑ15 لاکھ 22 ہزار470 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار363 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 222 کے بھائو میں اضافہ، 120 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور فوڈز کے بھائو 180 روپے بڑھ کر3960 روپے اور رفحان میظ کے بھائو 150 روپے بڑھ کر3700 روپے ہوگئے جبکہ کولگیٹ پامولیو کے بھائو50 روپے کم ہوکر 1250 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔