شاہد کپورنے اڑتا پنجاب میں جانداراداکاری پرعالیہ بھٹ کو قومی ایوارڈ کا مستحق قرار دے دیا

فلم ’’اڑتا پنجاب ‘‘ میں عالیہ بھٹ نے بہت عمدہ کام کیا ہے، شاہد کپور


ویب ڈیسک June 19, 2016
اداکارکی فلم "اڑتا پنجاب" نے ریلیز کے پہلے ہی روز 10 کروڑ سے زائد کا بزنس دیا ہے۔:فوٹو:فائل

بالی ووڈ اداکارشاہد کپورنے اپنی نئی فلم اڑتا پنجاب میں جانداراداکاری پرعالیہ بھٹ کو ملک کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈز ''نیشنل ایوارڈ'' کا مستحق قرار دے دیا۔

ممبئی میں فلم کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد کپورسے جب یہ پوچھا گیا کہ اڑتا پنجاب میں اپنی شانداراداکاری پرکیا وہ اس سال نیشنل ایوارڈ حاصل کرسکیں گے، تو انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی فلم "حیدر" کی ریلیز کے موقع پران کے بارے میں یہی کچھ کہا گیا تھا، جس کے باعث ان کی توقعات بڑھ گئیں تھیں تاہم اب وہ اس انداز میں نہیں سوچتے، ان کے لیے یہی اعزاز کی بات ہے کہ لوگ انہیں نیشنل ایوارڈز کا اہل سمجھتے ہیں تاہم عالیہ بھٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی اداکاری پرنیشنل ایوارڈ ضرورملنا چاہیے۔

فلم میں اپنے کردارکے حوالے سے شاہد کپورکا کہنا تھا کہ کسی بھی اداکارکے لیے کوئی کردارنبھانا ایک الگ بات ہے اورناظرین کی جانب سے اسے پسند کرنا دوسری بات ہے۔ اڑتا پنجاب میں اپنا کردارادا کرتے ہوئے وہ پریشان تھے کہ کیا ان کے مداح انہیں اس قسم کے کردارمیں پسند کریں گے۔ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ فلم میں مثبت کردار نہ ہونے کے باوجود لوگوں نے انہیں پسند کیا۔ اگراس کردارپرانہیں ایوارڈ ملے تو یقیناً انہیں خوشی ہوگی تاہم یہ عوام پر منحصر ہے۔

واضح رہے کہ منشیات کے موضوع پر بننے والی ''اڑتا پنجاب'' نے ریلیز کے پہلے ہی روز10 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

مقبول خبریں