ایک سال بیت گیا: پی ایچ ایف کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ نہ ہوسکی

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 نومبر 2012
قومی ہاکی کے معاملات جاننے کے لیے وزٹ کرنے والوں کو سخت مایوسی کا سامنا۔  فوٹو : فائل

قومی ہاکی کے معاملات جاننے کے لیے وزٹ کرنے والوں کو سخت مایوسی کا سامنا۔ فوٹو : فائل

کراچی: کروڑوں روپے کے بجٹ کی حامل پی ایچ ایف کی آفیشل ویب سائٹ اپ ڈیٹ نہ کیے جانے سے ہاکی کے مداحوں میں سخت مایوسی پھیل رہی ہے۔

اسے آخری مرتبہ گزشتہ سال 18 نومبر کو اپ ڈیٹ کیا گیا جب صدر اور سیکریٹری نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو شامل کیے جانے پر ایف آئی ایچ سے اظہار تشکر کیا تھا۔شائقین ہاکی کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کے ساتھ یہ بے اعتنائی مناسب عمل نہیں، ٹیم کی سرگرمیوں،کھلاڑیوں سے متعلق معلومات، غیر ملکی ٹورنامنٹس اور قومی ہاکی کے معاملات جاننے کیلیے پی ایچ ایف کی ویب سائٹ پر جانے والوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،ان میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے، شائقین ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہونے کی وجہ سے افسوس اور مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔

تصاویر کی گیلری بھی اپ ڈیٹ نہ ہونے کے سبب ہاکی کے مداح کھلاڑیوں کی صورت تک سے ناواقف ہیں۔اس گیلری میں آخری مرتبہ 2008-2009کی تصاویر اپ لوڈ کی گئی ہیں۔شائقین ہاکی نے مطالبہ کیاکہ یکم دسمبر سے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل فوری طور پر پی ایچ ایف کی آفیشل ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ اور اس میں قومی کھلاڑیوں و ٹیم کے مقابلوں کی تمام معلومات شامل کی جائیں، اسی کے ساتھ مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔