فرانس جرمنی اور بیلجئم نے یوروکپ کے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی

فرانس نے آئرلینڈ، جرمنی نے سلواکیا اور بیلجئم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ہنگری کو شکست دی۔


ویب ڈیسک June 27, 2016
فرانس نے آئرلینڈ، جرمنی نے سلواکیا اور بیلجئم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ہنگری کو شکست دی۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: میزبان فرانس نے آئرلینڈ، جرمنی نے سلواکیا اور بیلجئم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ہنگری کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

فرانس میں یورو کپ کا رنگا رنگ میلا جاری ہے جس میں مزید تین ٹیموں نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، فرانس نے آئر لینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کر لی جب کہ جرمنی نے سلواکیا کو 0-3 سے ہرا کر اگلے مرحلے کا ٹکٹ کٹایا اور بیلجیئم نے یک طرفہ مقابلے میں ہنگری کو چار صفر سے شکست دی۔

میزبان فرانس اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کے آغاز میں ہی آئرلینڈ کے روبی برڈی نے پنالٹی کک پر گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتی دلا ئی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی تاہم پہلے ہاف میں فرانس متاثرکن کارکردگی نہ دکھا سکا لیکن فرانس کے کھلاڑیوں کی جانب سے دوسرے ہاف میں جارحانہ کھیل پیش کیا گیا اور میچ کے 57 ویں منٹ میں گریز مین نے گول کر کےمیچ برابر کر دیا اور چار منٹ بعد ایک اور گول کر کےفرانس کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔

جرمنی اور سلواکیا کے درمیان میچ کے پہلے ہاف کے چھٹے منٹ میں بوٹینگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی جس کے بعد دوسرا گول گومز نے 43ویں منٹ اور تیسرا گول ڈریکسلر نے 63ویں منٹ میں کیا جب کہ سلواکیا کی جانب سے کوئی گول نہیں کیا گیا۔ تیسرے میچ میں بیلجیئم نے ہنگری کو 0-4 سے شکست کا مزہ چکھایا، میچ کا پہلا گول آٹھویں، دوسرا 76ویں، تیسرا 78ویں اورآخری گول 90 منٹ میں کیا گیا۔

مقبول خبریں