قندیل بلوچ کی ’’بگ باس ‘‘میں شرکت کی خواہش ادھوری رہ گئی

شوبز رپورٹر  جمعرات 30 جون 2016
کیس زیرسماعت ہونے پر شرکت نہیں کرسکتیں ،انتظامیہ نے ماڈل کو اطلاع دیدی ۔  فوٹو : فائل

کیس زیرسماعت ہونے پر شرکت نہیں کرسکتیں ،انتظامیہ نے ماڈل کو اطلاع دیدی ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  اداکارہ قندیل بلوچ کی بھارتی چینل کے مقبول پروگرام ’’ بگ باس ‘‘ میں شرکت کی خواہش ادھوری رہ گئی۔ اداکارہ کی گزشتہ کئی ماہ سے جاری کوششوں کے باوجود چینل انتظامیہ نے انھیں پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔

تفصیلات کے مطابق قندیل بلوچ نے ’’بگ باس ‘‘ میں شرکت کے لیے درخواست دی تھی لیکن کچھ عرصہ بعد ہی ان کی درخواست یہ کہہ کر مستردکردی گئی کہ پروگرام میں ایسے لوگوں کو شامل نہیں کیا جاتا جن پرکسی قسم کا کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہو۔ پروگرام میں شرکت کے لیے قندیل بلوچ نے بھی سوشل میڈیا پراپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اوراب مفتی عبدالقوی کے ساتھ ان کا وڈیو کلپ آجانے کے باوجود بھی انھیں پروگرام میں انٹری نہیں مل سکی۔ جس کے بعدان کی راتوں رات انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کے خواب چکنا چور ہوکررہ گئے ہیں۔

اس بارے میں قندیل بلوچ نے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ ’’ بگ باس‘‘ کی انتظامیہ نے مجھے باقاعدہ مطلع کردیا ہے کہ میں اس پروگرام میں شرکت نہیں کرسکتی کیونکہ میرا ایک کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

واضح رہے کہ اس پروگرام کے طریقہ کارکے مطابق ایسے فنکاروں، کھلاڑیوں، ماڈلز اورسیاستدانوں کے علاوہ دیگرشعبوں کی معروف شخصیات کوپروگرام کا حصہ بنایا جاتا ہے ، جومتنازعہ ہوں۔ اسی سلسلہ میں پاکستانی اداکارہ وینا ملک کوبھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔