پنجاب میں رمضان بازاروں کے صارفین کی تعداد 67 لاکھ سے تجاوز

اے پی پی  اتوار 3 جولائی 2016
قواعدکی خلاف ورزی پر7918گرفتاریاں، 5 کروڑ36 لاکھ روپے جرمانے کیے، وزیر خوراک۔ فوٹو: فائل

قواعدکی خلاف ورزی پر7918گرفتاریاں، 5 کروڑ36 لاکھ روپے جرمانے کیے، وزیر خوراک۔ فوٹو: فائل

لاہور: رواں سال رمضان پیکج کے تحت پنجاب بھر میں لگائے گئے318 مضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا سستے داموں روزہ داروں تک پہنچانے کے سلسلے میں حکومتی سبسڈی کے مناسب استعمال، پھلوں، سبزیوں، دالوں، آٹے، چینی، چاول اور دیگر اجناس کی رسد اور کھپت کا روزانہ بنیاد پر جائزہ لینے والی کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں سول سیکریٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے بھی اجلاس میں خصوصی طور پرشرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے وسط تک پنجاب بھر میں رمضان بازاروں سے رعایتی قیمتوں پر کھانے پینے کی اشیا خریدنے والے صارفین کی تعداد 67 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس دوران ایک کروڑ 35 لاکھ کلو گرام اشیائے خوردنی پنجاب کے عوام کو رمضان بازاروں میں سستے داموں خریدنے کا موقع ملا۔ ان29 دنوں کے دوران حکومت پنجاب کے اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے60 ہزار کے قریب انسپکشنز کیں۔

5561 اسٹالوں اور دکانوں میں حکومتی قواعد وضوابط کی خلاف ورزی اور گراں فروشی کی شکایات پر 7918 افراد گرفتار کیے گئے اور5 کروڑ36 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے بعض اضلاع سے مقامی انتظامیہ کے کچھ اہلکاروں کی ملی بھگت سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کی اطلاعات پر پنجاب پولیس کی اسپیشل برانچ نے ذخیرہ اندوزوں کی فہرست صوبائی حکومت کو فراہم کر دی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پرہر ضلع کے ڈی سی او کو ہدایات جاری کیں کہ ہر ضلع میں روزانہ کم ازکم 2 ایسی جگہوں پرچھاپے ضرورمارے جائیں جہاں ذخیرہ اندوزی کا احتمال موجود ہو۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودھا میں ایک ذخیرہ اندوز تاجر کے گودام سے سبسڈائزڈ ریٹ والی 1800 بوریاں چینی برآمد ہوئی ہے جہاں تک خوردنی تیل اور بناسپتی گھی کا تعلق ہے، پنجاب بھر میں آئل اسٹاکسٹس کے پاس اگلے دس دن سے زیادہ کا کوٹہ دستیاب ہے اور مزید سپلائی بھی آرہی ہے۔

شمائل احمد خواجہ نے کہا کہ گوشت، چکن، سبزیوں، دالوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام رمضان المبارک کے دوران صارفین اور خاص طور پر روزہ داروں کیلیے ایک نعمت سے کم نہیں۔ حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد بھی صارفین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں سرکاری عملے کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ کی فیئر پرائس شاپس کی کارکردگی کو نہایت اطمینان بخش قراردیا جس کی بدولت آج پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں گزشتہ پانچ سال کے دوران سب سے کم سطح پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔