کالا پل: ایس آئی یو کی کارروائی، ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد

ایکسپریس اردو  پير 23 جولائی 2012
4ملزمان فرار ہونے میں کامیاب،ملزم نے ابتدائی تفتیش میں 5 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے, فائل فوٹو

4ملزمان فرار ہونے میں کامیاب،ملزم نے ابتدائی تفتیش میں 5 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے, فائل فوٹو

کراچی: ایس آئی یو نے کالا پل پر کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موبائل فون برآمد کرلیے ، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں 5 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے ، ملزم کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ملزمان کا گروہ ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران شہریوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیتا تھا ، یہ بات ایس ایس پی ایس آئی یو خرم وارث نے گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تفصیلات کے مطابق خرم وارث نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر ان کی ٹیم نے گذشتہ رات کالا پل کے قریب ملزم علی حسین کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور 35 موبائل فون برآمد کرلیے ، انھوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزم کے 4 ساتھی حذیفہ ، رزاق ، کامران اور آصف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، خرم وارث کا کہنا تھا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں 5 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے ، ملزمان کا گروہ یوسف پلازہ پولیس کے ہاتھوں کچھ عرصہ قبل گرفتار بھی ہوچکا ہے ،

سرسید ٹائون میں ایک شخص انوار احمد کو فائرنگ کرکے ہلاک جبکہ اس کی بیٹی کو زخمی کردیا تھا جس کا مقدمہ سرسید ٹائون تھانے میں درج ہے ، ایس آئی یو کے سربراہ خرم وارث نے مزید بتایا کہ ملزمان انتہائی سفاک ہیں ، مذکورہ گروہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہریوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیتا تھا ، پولیس نے ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جس میں مزید کئی اہم انکشافات متوقع ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔