اسٹیٹ بینک نے ایدھی کے یادگاری سکے پر کام شروع کردیا

وزیراعظم کی ہدایت پر50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی


Business Reporter July 18, 2016
یہ ایدھی مرحوم کی انسانیت کے لیے خدمات کے اعتراف کی ایک نشانی ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: عبدالستار ایدھی مرحوم کی یاد میں 50 روپے کے یادگاری سکے کے ڈیزائن پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا اوروزیر اعظم نواز شریف نے اس کی منظوری وفاقی کابینہ کے 15 جولائی 2016 بروز جمعہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں دی تھی۔ سکے کے حتمی ڈیزائن کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر اس فیصلے کا اعلان گورنر بینک دولت پاکستان نے عبدالستار ایدھی مرحوم کے لیے اسٹیٹ بینک کراچی میں منعقد ہونے والے ایک تعزیتی اجتماع میں کیا تھا۔ حکومت اور دیگر اداروں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ یادگاری سکے کے اجرا سے اس مرحوم انسان دوست شخصیت کی یاد ہماری تاریخ کا حصہ رہے گی۔

یہ ایدھی مرحوم کی انسانیت کے لیے خدمات کے اعتراف کی ایک نشانی ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے اس موقع پر کہا کہ وہ اقوام جو اپنے عظیم افراد کی تعظیم کرتی ہیں وہ ایسی میراث اور مثالیں چھوڑتی ہیں کہ ان کا کام مستقبل کی نسل بھی جاری رکھتی ہے۔ اسٹیٹ بینک سماجی شعبے، سول سوسائٹی، مالی صنعت کے نمائندوں اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہے جنہوں نے ملک کے یتیموں، بیواؤں اور نادارافراد کے لیے مرحوم عبدالستار ایدھی کی شاندار خدمات کو یاد کرنے کے لیے منعقد ہونے والے تعزیتی اجتماع میں شرکت کی۔

قبل ازیں اسٹیٹ بینک نے عبدالستار ایدھی مرحوم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تعزیتی اجلاس منعقد کیا تھا جنہوں نے ضرورت مندوں، یتیموں اور مفلس افراد کے لیے خدمات انجام دیں اور جن کی فلاحی سرگرمیوں کا اعتراف نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جا چکا ہے۔ مقررین نے مرحوم ایدھی کو ملک میں سماجی فلاحی خدمات کی کمی کا خلا پر کرنے اور انسانیت کی خدمت کے لیے ایک مضبوط تنظیم کی بنیادیں رکھنے کے حوالے سے خراج عقیدت پیش کیا۔

مقبول خبریں