پٹائی کا کھیل پیسوں کی ریل پیل

دنیا کے صف اول کے ریسلرز ڈبلیو ڈبلیو ای کےمعاہدوں کے لاوہ اشتہارات اور فلموں کی آفرز کی مدد سے مالامال بھی ہوجاتے ہیں


کلیم اللہ رجر July 24, 2016
دنیا بھر میں ریسلنگ کے لاتعداد پرستار ہیں جو اس کھیل اور اپنے پسندیدہ ریسلرز کو نہ صرف فالو کرتے ہیں بلکہ یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی سال بھر میں کماتے کتنا ہیں؟

ISLAMABAD: جو لوگ پرو ریسلنگ انڈسٹری کے سب سے بڑے نقاد ہیں ان کو یہ شبہ یقیناًً ہوتا ہوگا کہ آخر کس کو پڑی ہے کہ ایک ایسے کھیل میں اپنا پیسہ لگائیں جسے عام طور پر''جھوٹ پر مبنی لڑائی'' سمجھا جاتا ہے۔ یہ گماں اپنی جگہ ٹھیک لیکن ایک بات بہت ہی سادی ہے اور وہ یہ کہ اگر یہ کھیل صرف جھوٹ کا پلندہ ہوتا تو ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) اور دیگر ایسوسی ایشنز سے جڑے ریسلرز کے بینک اکاونٹس میں ہر سال کروڑوں ڈالرز کیسے منتقل ہورہے ہوتے ہیں؟

دنیا بھر میں ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کے لاتعداد پرستار ایسے بھی موجود ہیں جو اس کھیل اور اپنے پسندیدہ ریسلرز کو دیوانگی کی حد تک نہ صرف فالو کرتے ہیں بلکہ یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی آخر سال بھر میں کماتے کتنا ہیں؟ دنیا کے صف اول کے ریسلرز ڈبلیو ڈبلیو ای کے کانٹریکٹس کے علاوہ مختلف اشتہارات اور ہالی ووڈ فلموں کی آفرز سے شہرت کے ساتھ ساتھ مالامال بھی ہوجاتے ہیں، بس یوں سمجھیں مال و دولت کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے رہتے ہیں۔

یوں تو 'دا راک' سب سے مہنگے ترین ریسلر ہیں جنہوں نے 160 ملین ڈالرز کا کانٹریکٹ سائن ہوا ہے، جبکہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے باہر سب سے بڑا معاوضہ لینے والے ریسلرز میں کرٹ اینگلز 20 ملین ڈالرز کے ساتھ نمایاں ہیں۔ دوسری طرف سال 2016ء کے دوران ڈبلیو ڈبلیو ای میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ریسلرز کون کون ہیں، اِس کی فہرست پیش خدمت ہے۔

10۔ ڈین ایمبروز (11 لاکھ ڈالرز)

ڈین ایمبروز کو ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے 11 لاکھ ڈالر کا کانٹریکٹ ملنے پر ریسلنگ کے حلقوں میں حیرانی پائی جاتی ہے۔ کوئی اس ڈیل کو ''غیر معمولی'' قرار دے رہا ہے تو دوسری جانب کافی لوگوں کا خیال ہے کہ ڈین ایمبروز سے انصاف نہیں ہوا۔ بہرحال، ریسلنگ کے دیوانے حالیہ سیزن میں ڈین ایمبروز کے رومن رینز اور سیٹھ رولنز سے ممکنہ دنگل کے شدت سے منتظر ہیں۔



9۔ کین (13 لاکھ ڈالرز)

جو لوگ کین کو اچھی طرح جانتے ہیں وہ اس بات پر متجسس پائے جاتے ہیں کہ آخر کیریئر کی ڈھلتی شام میں ڈبلیو ڈبلیو ای والوں نے کین میں ایسی کیا گیدڑ سنگھی دیکھ لی جو ان کو سال 2016ء میں 13 لاکھ ڈالر سے زائد کا کانٹریکٹ دیا گیا ہے۔ تو جناب اس کا جواب کین کی عرصہ دراز سے دی گئی خدمات اور اپنے مداحوں میں پائی جانے والی مقبولیت ہے۔ کین گزشتہ 2 عشروں سے ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ رہے ہیں اور ان کو 'اولڈ از گولڈ' سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی حکام یہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ رواں برس کین کوئی بڑا دھماکا کریں گے۔



8۔ بگ شو (15 لاکھ ڈالرز)

اپنے نام کی طرح طویل القامت اور مضبوط جسامت کے مالک ریسلر بگ شو نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے سب سے پہلے یعنی 90ء کی دہائی میں 'منڈے نائیٹ وارز' شو کے دوران پرکشش معاہدہ کیا تھا، بعد میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کا منچ چھوڑ گئے، لیکن کچھ عرصہ گزرنے کے بعد بگ شو کی ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی ہوئی ہے اور رواں برس انہوں نے 15 لاکھ ڈالر کا کانٹریکٹ سائن کیا ہے۔



7۔ انڈر ٹیکر (20 لاکھ ڈالرز)

ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کا ایک جانا پہچانا نام اور ایک زمانے میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے انڈر ٹیکر، جس کے رعب و دبدبے کی دنیا معترف ہے۔ انڈر ٹیکر کا ایک کاروباری اصول ہے کہ وہ ہر سال ڈبلیو ڈبلیو ای کے چند منتخب شدہ شوز میں ہی شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے حالیہ برس 20 لاکھ ڈالر کی ڈیل کی ہے۔ کہا جارہا ہے 2016ء انڈر ٹیکر کا بطور متحرک ریسلر کے آخری سال ثابت ہوسکتا ہے، اگر یہ خیال درست ثابت ہوا تب بھی ریسلنگ کے دیوانے یقیناً انڈر ٹیکر کے شکر گزار ہوں گے کہ انہوں نے 1984ء سے لیکر اب تک ریسلنگ کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں اور بے پناہ طاقت کا لوہا منوا کر ان گنت پرستاروں کو محظوظ کیے رکھا۔ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں 4 بار ورلڈ چیمپین رہے اور 3 بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین بننے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔



6۔ رومن رینز (21 لاکھ ڈالرز)

ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کے چاہنے والے اس بات پر حیران ہیں کہ آخر رومن رینز پر اتنا پیسہ کیوں لگایا جارہا ہے؟ ریسلنگ کے پنڈت یہ پیشگوئی کر رہے کہ سال 2016ء ڈبلیو ڈبلیو ای میں رومن رینز کے عروج کا سال ہوگا اور وہ آئندہ برس کے 'ریسل مینیا' ایونٹ میں شہنشاہوں کی طرح داخل ہوں گے۔ خیر، یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ وہ ایسا کرتے ہیں یا نہیں، بہرحال وہ رواں سال 21 لاکھ ڈالر کے معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں۔



5۔ سیٹھ رولنز (24 لاکھ ڈالرز)

انتہائی سنجیدہ نوعیت کی انجری کے بعد سیٹھ رولنز کی ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں واپسی کسی معجزے سے کم نہیں۔ امکانات یہی ہیں کہ وہ رواں برس ڈبلیو ڈبلیو ای کے مہا منچ پر 'بے بی فیس' کی حیثیت میں قدم رکھیں گے، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ سیٹھ رولنز کی واپسی بڑے بڑے ناموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بن چکی ہے۔ اگر حالیہ سیزن میں سیٹھ رولنز اور رومن رینز کا ٹکراؤ ہوا تو شائقین کو ایک دلچسپ و سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔



4۔ رینڈی اورٹن (27 لاکھ ڈالرز)

رینڈی اورٹن ڈبلیو ڈبلیو ای کے ان چند ریسلرز میں سے ایک ہیں جو گزشتہ برس انجری کا شکار رہے، اور ان کو تاحال کندھے کے انجری کا علاج کر رہے ہیں۔ اسی انجری نے رینڈی کو ''ریسل مینا 32'' ایونٹ میں جلوہ گر ہونے نہ دیا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں ''بے بی فیس'' کے نام سے شہرت رکھنے والی رینڈی اورٹن نے حالیہ برس 27 لاکھ ڈالرز کا معاہدہ کیا ہے اور وہ بہت جلد اپنے روایتی حریف ریسلرز رومن رینز، ڈین ایمبروز، کیون اوئنز کے ساتھ دو دو ہاتھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔



3۔ ٹرپل ایچ (28 لاکھ ڈالرز)

28 لاکھ ڈالرز سمیٹنے والے سابق ہیوی ویٹ چیمپین ٹرپل ایچ نے رواں برس کی شروعات میں ''ریسل مینیا'' میں دفاعی چیمپین کی حیثیت میں انٹری دی۔ رنگ کے اندر رہیں یا باہر، ٹرپل ایچ ایک حقیقی پرفارمر، متحرک ریسلر اور دل جیتنے والی شخصیت مانے جاتے ہیں۔



2۔ بروک لیسنر (60 لاکھ ڈالرز)

حال ہی میں کھیلوں کے ایک شو کے درمیان مایہ ناز ریسلر بروک لیسنر نے یہ اعلان کیا تھا کہ رواں برس وہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے ہی جڑے رہیں گے اور الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپین شپ (یو ایف سی) میں واپس جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ نیز، لیسنر نے یہ بھی وضاحت کردی کہ وہ ایک ریسلر ہی ہیں کیونکہ ایک پارٹ ٹائم کام سے وہ ٹھیک ٹھاک پیسہ کما کر فل ٹائم انجوائے کررہے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ای سے وفاداری اور ریسلنگ فینز کو فل ٹائم تفریح مہیا کرنے کے لئے بروک لیسنر 60 لاکھ ڈالرز وصول کرچکے ہیں۔



1۔ جان سینا (95 لاکھ ڈالرز)

سال 2016ء میں جو ریسلر ''ہاٹ پراپرٹی'' قرار دیے گئے ہیں اُن کا نام جان سینا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے رواں برس کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ 95 لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم کا معاہدہ کیا ہے۔ وہ حالیہ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلرز میں سرفہرست مانے جاتے ہیں، لیکن ان کے کانٹریکٹ میں یہ شرط لاگو ہے کہ وہ روسٹر پر زخمی نہ ہونے پائیں۔ یوں تو جان سینا آجکل مکمل فٹ نہیں لگتے لیکن اس کے باوجود وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے فلاحی تقریبات میں شرکت کرنے سے خود کو روک نہیں پاتے۔ اپنے پروفیشنل کریئر میں 12 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین/ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین رہنے والے جان سینا نے فی الحال ''ریسل مینیا'' سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ قوی امکان ہے کہ پرستار ان کو رواں برس کی دوسری ششماہی میں ان ایکشن دیکھ پائیں گے۔



نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارفکےساتھ[email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

مقبول خبریں