کراچی میں پہلے شہری جنگل کا آغاز

منصوبے کے تحت کراچی میں 6 سے 7 مقام پر ایسے چھوٹے چھوٹے جنگل بنائے جائیں گے تاکہ شہرکو سرسبزوشاداب بنایا جاسکے


ویب ڈیسک July 22, 2016
کلفٹن کے بلاک 5 میں واقع 400 گز وسیع ایک جنگل جو تین سال میں بہت گہرا ہوجائے گا۔ فوٹو: عائشہ میر، ایکسپریس ٹریبیون

شہر میں عمارتوں کی اندھا دھند تعمیر سے جہاں کراچی ایک کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے اور اس کے لیے بے دریغ درخت کاٹے جارہے ہیں لیکن اس کے تدارک کے لئے اب کراچی میں کلفٹن کے مقام پر پہلا شہری جنگل قائم کیا گیا ہے۔

کلفٹن بلاک 5 کی نہرِ خیام کے پاس شہزاد قریشی اور ان کی ٹیم نے مختلف قسم کےدرختوں اور پودوں پر مشتمل ایک سبزہ زار اگانے کی کوشش کی ہے ۔ منصوبے کے تحت شہر میں 6 سے 7 مقام پر ایسے چھوٹے چھوٹے جنگل بنائے جائیں گے تاکہ شہرمیں درختوں کی شدید قلت پر قابو پاکر کراچی کو سرسبز و شاداب بنایا جائے۔

شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ میرا مقصد یہ ہے کہ علاقے میں ایک سبزہ نما جنگل اگایا جائے جو اپنا وجود ازخود برقراررکھ سکے، اب سے تین سال بعد یہاں 15 سے 20 فٹ گہرا ایک جنگل ہوگا جو اتنا گھنا ہوگا کہ لوگوں کو اس میں بیٹھنے کی جگہ بھی نہیں دکھے گی ۔

شہزاد قریشی کو بھارت کے ایک ماحولیاتی ماہر شوبندو شرما کی ایک ویڈیو نے متاثر کیا جس میں انہوں نے شہری شجرکاری کی تفصیلات دی تھیں، شرما نے میا واکی طریقے سے پودے اگائے تھے جو معمول سے 10 گنا زائد رفتار سے بڑھتے ہیں۔ شرما نے سنگاپور، بھارت ہالینڈ اور امریکا وغیرہ کے اسپتالوں، گھروں اور کارخانوں کے قریب 100 سے زائد چھوٹے جنگلات لگائے تھے تاکہ فضا کو بہتر اور ماحول کو صاف بنایا جاسکے۔

اس کے بعد شہزاد کی دعوت پر شرما پاکستان آئے اور ان دونوں نے ایک مشترکہ منصوبے پر کام شروع کیا۔ اس موقع پر شوبندو شرما نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ ' اس چھوٹے جنگل کی افرائش کے وقت ہمیں سندھ میں جنگلات کی شجرکاری میں حائل ممکنہ مسائل کا ادراک ہوا اور یہ ایک بہت بڑے خواب کی ابتدا کی ابھی شروعات ہے۔

 

مقبول خبریں