ٹرپل سنچری میکر ہاشم کو پاکستانی کرکٹرز کا خراج تحسین

ایکسپریس اردو  پير 23 جولائی 2012
جنوبی افریقہ کو بیٹسمین پر فخر ہونا چاہیے، 400 تک جانے کی اہلیت رکھتے ہیں، حنیف محمد۔ فوٹو ای ایف پی

جنوبی افریقہ کو بیٹسمین پر فخر ہونا چاہیے، 400 تک جانے کی اہلیت رکھتے ہیں، حنیف محمد۔ فوٹو ای ایف پی

کراچی: پاکستان کے پہلے ٹرپل سنچری میکر لٹل ماسٹر حنیف محمد نے جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا کو ٹرپل سنچری بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہت خوشی کی بات ہے کہ انھوں نے ٹرپل سنچری بنانے والے کھلاڑیوں کے کلب کو جوائن کرلیا۔

سابق کپتان نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہاشم آملا کوئی معمولی بیٹسمین نہیں کیونکہ یہ کارنامہ کوئی بڑا بیٹسمین ہی انجام دے سکتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ وہ ہمارے کلب میں شامل ہوگئے۔ جنوبی افریقہ کو اس عظیم بیٹسمین پر فخر ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ وہ جس طرح کھیل رہے تھے، 400 رنز تک جاسکتے تھے تاہم ٹیسٹ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ڈیکلیئرکرنا پڑتا ہے۔ میں مستقبل میں انکے لیے نیک خواہشات کی دعا دیتا ہوں۔

دریں اثنا دیگر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی آملا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عظیم بیٹسمین کی یہ خوبی ہوتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا اپنے کیریئرمیں ضرور منواتا ہے، سابق ماسٹر بیٹسمین جاوید میانداد نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے آملا کی اننگز کو کلاسک اننگز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی ٹرپل سنچری دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، وہ 2سال سے اچھی کارکردگی پیش کررہے ہیں، میری نیک خواہشات انکے ساتھ ہیں۔

مجھے امید ہے کہ توجہ اور انہماک کے ساتھ وہ کھیلتے رہے تو کئی ریکارڈز اپنے نام کرینگے۔ سابق کپتان ظہیر عباس نے ہاشم آملا کے کارنامے کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ 300 رنز کی اننگز بہت بڑی ہوتی ہے، بیٹسمین کو وکٹ پر دیر تک ٹھہرنا ہوتا ہے اور پوری توجہ کیساتھ سوچ سمجھ کرکھیلنا ہوتا ہے، ایک عظیم بیٹسمین میں جو خوبیاں ہوتی ہیں وہ آملا میں موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آملا نے ٹرپل سنچری بنائی اور ناقابل شکست رہے، یہ بہت بڑا کارنامہ ہے جس پر جنوبی افریقی کرکٹرز فخر کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔