کارکن کی پولیس تشدد سے ہلاکت پر ایس یو پی کا مظاہرہ

ایکسپریس اردو  پير 23 جولائی 2012
جامشورو میں ایس ایس پی کو ہمارے کارکنوں کے قتل کا ٹاسک دیا گیا ہے، دودو مہری۔ فائل فوٹو

جامشورو میں ایس ایس پی کو ہمارے کارکنوں کے قتل کا ٹاسک دیا گیا ہے، دودو مہری۔ فائل فوٹو

حیدرآباد: جامشورو ضلع میں سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے کارکن کی پولیس تشدد سے ہلاکت کے خلاف حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ایس یو پی حیدرآباد کی جانب سے بھان سعید آباد میں کارکن تاج محمد سولنگی کی گرفتاری کے بعد پولیس تشدد سے مارے جانے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر دودو مہری، انور خاصخیلی، پنہل چانڈیو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامشورو میں ایس یو پی کی بڑھتی مقبولیت کے خوف سے ضلع کے سردار سازشیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایس ایس پی فرخ بشیر نے ماضی میں بھی ہمارے رہنماء اختر شاہ کو قتل کیا تھا، جس کو ایک مرتبہ پھر مقرر کر کے ایس یو پی کے کارکنان کو قتل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ انھوں نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی کہ کارکن کے قتل پر از خود نوٹس لے کر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ جامشورو ضلع سے ایس ایس پی فرخ بشیرکو ہٹایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔