پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ: سوئی ناردرن اور حبیب بینک کی فائنل میں رسائی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 1 دسمبر 2012
ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی281 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی عمر امین کو حاصل ہوا۔   فوٹو فائل

ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی281 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی عمر امین کو حاصل ہوا۔ فوٹو فائل

لاہور: پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست سوئی ناردرن گیس اور حبیب بینک نے فائنل میں جگہ بنالی۔

ایونٹ کی سرفہرست ٹیم نے مجموعی طور پر 9 میں سے6 میچز میں فتح حاصل کی جبکہ3 ڈرا ہوئے، بینک نے بھی6 فتوحات سمیٹیں، ایک میچ میں شکست ہوئی جبکہ2 ڈرا ہوگئے، ایونٹ میں تاحال پورٹ قاسم اتھارٹی کے عمر امین 767 رنز بنا کر ٹاپ بیٹسمین ہیں، پورٹ قاسم اتھارٹی کے بیٹسمین نے آخری میچ میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے زرعی ترقیاتی بینک کے حارث سہیل سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

06

عمر امین نے ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور 4 ففٹیز بنائیں۔ ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی 281 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی انہی کو حاصل ہوا، حارث نے673رنز اسکور کیے، اس میں4 سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل تھیں، زیادہ اسکور 152 رہا، بولنگ میں واپڈا کے ذوالفقار 62 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

حبیب بینک کے احسان عادل 53 پلیئرز کو آئوٹ کرتے ہوئے دوسرے اور نیشنل بینک کے عمران خان 50 وکٹیں لے کر تیسری پوزیشن پر ہیں۔ ایونٹ میں یونائیٹڈ بینک ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور وہ9میں سے ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔