ریو گیمز؛ قومی دستے کو60 لاکھ روپے کی گرانٹ ملے گی

ذوالفقار بیگ / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 29 جولائی 2016
احکامات جاری کر دیے گئے، فنڈز میں سے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ 80 ہزار ٹریولنگ اور 30 ہزار روپے ڈیلی الائونس کی مد میں دیے جائیں گے   فوٹو: فائل

احکامات جاری کر دیے گئے، فنڈز میں سے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ 80 ہزار ٹریولنگ اور 30 ہزار روپے ڈیلی الائونس کی مد میں دیے جائیں گے فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  ریو اولمپکس کیلیے قومی دستے کو 60 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق برازیلین دارالحکومت ریوڈی جنیرو میں شیڈول اولمپکس 2016 میں شرکت کیلیے قومی دستے کو60 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ ملے گی، اس حوالے سے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ملکی تاریخ کا مختصر ترین 17رکنی دستہ اولمپکس میں شرکت کرے گا، 7 کھلاڑیوں کے ساتھ10 آفیشلز بھی برازیل جائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز، ڈائریکٹر میڈیکل پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر وقاراحمد، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عارف حسن، پی او اے کے جنرل سیکریٹری خالد محمود، پاکستان میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ممبر شاہد بھی دستے میں شامل ہونگے، پاکستان بیس بال فیڈریشن کے شوکت جاوید چیف ڈی مشن ہونگے۔ ایتھلیٹکس ایونٹ میں محبوب علی، نجمہ پروین، شوٹنگ میں غلام مصطفیٰ، مناہل سہیل، سوئمنگ میں لیانا کیتھرائن، حارث بانڈے، جوڈو میں شاہ حسین شاہ ایکشن میں ہوںگے۔

پاکستانی دستہ یکم اگست کو لاہور سے برازیل کیلیے اڑان بھرے گا، وفاقی وزیر اور ڈی جی اسپورٹس بورڈ 2اگست کو اسلام آباد سے روانہ ہوں گے، پاکستان اسپورٹس بورڈکی طرف سے کھلاڑیوں کو ایئر ٹکٹ کی مد میں ایک لاکھ 80 ہزار جبکہ ڈیلی الائونس کیلیے30 ہزار روپے دیے جائیں گے، انٹرنیشنل ایونٹ کیلیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو ایونٹ کے ایکریڈیشن کارڈز موصول ہوگئے ہیں،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنا ہوم ورک مکمل کرکے فائنل کیس وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ارسال کردیا۔ پاکستان میں متعین برازیلین سفیر گارڈیا لائنر نے کہا کہ ریو اولمپکس کا انعقاد برازیلین حکومت اور عوام کیلیے اعزاز ہے، میگا ایونٹ کے لیے تمام تر تیاریاں ہو چکیں،گیمز کو شاندار انداز میں آرگنائز کرنے کیلیے تمام منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مقابلوںکے دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، انھوں نے اولمپکس میں شرکت کیلیے جانے والے پاکستانی ایتھلیٹس کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انھوں نے بتایا کہ آئی او سی اور اولمپک آرگنائزیشن کمیٹی کی طرف سے فائنل کیے گئے کھلاڑیوں او ر آفیشلز کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں، ریو اولمپکس کو کامیاب بنانے کیلیے ویزہ پالیسی میں چند تبدیلیاں بھی کی گئیں تاکہ دنیا بھر سے شائقین برازیل کی ثقافت سے آگاہی حاصل کر سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔