کراچی میں عالمی ادارہ صحت کی سرگرمیاں بند، محکمہ صحت لاعلم

ایکسپریس اردو  پير 23 جولائی 2012
یونیسیف ودیگر کے نمائندے پولیس کے ہمراہ پولیو مہم میں حصہ لیں گے،اجلاس میں فیصلہ۔ فائل فوٹو

یونیسیف ودیگر کے نمائندے پولیس کے ہمراہ پولیو مہم میں حصہ لیں گے،اجلاس میں فیصلہ۔ فائل فوٹو

کراچی: کراچی میں عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے اشتراک سے صحت کے جاری آپریشن عارضی طور پر بندکرنے کے حوالے سے محکمہ صحت نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، ایکسپریس کے استفسار پرمحکمے کے افسران نے بتایاکہ عالمی ادارہ صحت، یونیسف کاکوئی آپریشن بند نہیں ہوا،معمول کے مطابق منصوبوں پرکام جاری ہے۔

محکمہ صحت کے ایک افسرنے بتایا کہ گزشتہ روزڈی آئی جی شاہدحیات کے دفتر میں اجلاس بھی منعقد ہواتھا جس میںوفاقی وزیر بیگم شہینازوزیرعلی، عالمی ادارہ صحت کراچی کے سربراہ،یونیسف اور محکمے کے افسران نے شرکت کی تھی، اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کے کراچی میں سربراہ ڈاکٹر صلاح الدین،محکمے صحت ای پی آئی کے صوبائی منیجر ڈاکٹر مظہرخمیسانی سمیت حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے حکام اپنی نقل وحرکت سے قبل پولیس حکام کوآگاہ کریں گے تاکہ پولیس عالمی ادارے کے افسران کو مکمل تحفظ فراہم کرے، اجلاس میں طے کیاگیا کہ کراچی میں آئندہ پولیومہم کے دوران گڈاپ سمیت دیگر علاقوں میں عالمی ادارہ صحت اوریونیسف کے نمائندے مقامی پولیس کے ہمراہ مہم کا دورہ کریںگے اورپولیومہم جاری رکھی جائے گی تاہم اجلاس میں عالمی ادارے کے نمائندوں نے کراچی کے بعض علاقوں میں امن وامان کی غیر یقینی صورتحال پرتشویش اور اپنے تحفظات کااظہارکیاتھا جس پر متعلقہ پولیس افسران نے انہیں تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ادھر گزشتہ روزعالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق کراچی اور اطراف میں پولیومہم کی سرگرمیاں معطل کردی گئیں کیونکہ تین دن قبل کراچی میں سہراب گوٹھ کے علاقے افغان بستی میںنامعلوم مسلح افراد نے عالمی ادارے کی مانیٹرنگ آفیسر کی گاڑی پر فائزنگ کی تھی جس کے نتیجے میں غیر ملکی ڈاکٹر اورپاکستانی ڈرائیورشدید زخمی ہوگیاجبکہ جمعہ کی رات گڈاپ کے علاقے میں کمیونٹی ہیلتھ ورکر ڈاکٹراسحاق کوقتل کردیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔