نیو کراچی:ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار،اسلحہ برآمد

ایکسپریس اردو  پير 23 جولائی 2012
ملزم 22مقدمات میں مطلوب تھا، غیر قانونی سرگرمیوں پر2 تنظیموں سے نکالا گیا۔ فائل فوٹو

ملزم 22مقدمات میں مطلوب تھا، غیر قانونی سرگرمیوں پر2 تنظیموں سے نکالا گیا۔ فائل فوٹو

کراچی: بلال کالونی پولیس نے نیو کراچی سے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے، گرفتار ملزم ٹارگٹ کلنگ، رہزنی، گھروں میں چوری سمیت دیگر22 سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل اعجاز قائم خانی کی ہدایت پر ایس ایچ او بلال کالونی سید الیاس شاہ کی سربراہی میں اے ایس آئی راجہ اﷲ ودھایو راھوجو نے پولیس پارٹی کے ہمراہ نیو کراچی سیکٹر 5/J ڈیکا موڑ کے قریب چھاپہ مار کر ایک ملزم حامد عرف پیا ولد حفیظ اﷲ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول اور چھینی ہوئی رقم برآمد کرلی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نیو کراچی سیکٹر5/F کا رہائشی ہے اور2005 سے جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

ملزم حامد نے2010 بلال کالونی تھانے کی حدود میں عبد الجبار نامی شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا جبکہ اس سے چند روز قبل نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں ایک شخص کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، ملزم پہلے کالعدم سپاہ صحابہ اور سنی تحریک میں تھا تاہم غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے اسے دونوں جماعتوں نے نکال دیا تھا، ملزم حامد عزیز بھٹی، مبینہ ٹاؤن، گلشن اقبال، نیو کراچی، بلال کالونی، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر تھانوں کی پولیس کو قتل، اقدام قتل، گھروں میں چوری، رہزنی اور پولیس مقابلوں کی22 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔