ماڈل و اداکارہ اوشنا شاہ کی پہلی فلم ’’تیری میری لو اسٹوری‘‘ کا ٹریلر لانچ

جاوید یوسف  بدھ 10 اگست 2016
ایک اور کامیڈی فلم ’’افراتفری‘‘ بھی سائن کی ہوئی ہے اس کی بھی جلد شوٹنگ شروع ہو جائے گی،اوشنا شاہ۔  فوٹو : فائل

ایک اور کامیڈی فلم ’’افراتفری‘‘ بھی سائن کی ہوئی ہے اس کی بھی جلد شوٹنگ شروع ہو جائے گی،اوشنا شاہ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  ماڈل و اداکارہ اوشنا شاہ کی ڈبیو فلم ’’تیری میری لو اسٹوری‘‘ کا ٹریلر لانچ کر دیا گیا جس میں وہ محب مرزا اور عمر شہزاد کے مقابل مرکزی کردار کر رہی ہیں۔

اس کی دیگر کاسٹ میں سلمان شاہد، عظمیٰ خان، محسن عباس حیدر، لیلیٰ زبیری، احمد عبدالرحمان، احسن رحیم، حسن خان، جواد بشیر اور فیصل قریشی شامل ہیں۔ اس فلم کے ڈائریکٹر و رائٹر جوادبشیر کی یہ دوسری فلم ہے اس سے قبل سال 2015ء میں ہارر فلم ’’مایا‘‘ ریلیز ہوئی ان کا یہ تجربہ باکس آفس پر کامیاب نہ ہوا۔ ’’تیری میری لو اسٹوری‘‘ ہلکی پھلکی کامیڈی، رومانٹک، تھرل فلم ہے جس کی عکسبندی ناران، کاغان اور جھیل سیف الملوک میں کی گئی۔

اوشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ’’ تیری میری لو اسٹوری‘‘ رومانٹک اور تھرل فلم ہے جس میں ٹی وی اینکر ایشا کا رول کر رہی ہوں جو ایک شوخ و چنچل لڑکی ہے۔ زندگی میں آنے والی مشکلات سے گھبرانے کی بجائے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتی ہے، اسی لیے وہ ہر بار کچھ نیا اور منفرد کرنے کی کوشش میں لگی رہتی ہے۔ رائٹر ڈائریکٹر جواد بشیر نے فلم کی عکسبندی ملک کی خوبصورت لوکیشنز پر کی جس میں جھیل سیف الملوک، کاغان اور ناران شامل ہیں۔ انھوں نے فلم بینوں کو ہلکی پھلکی تفریح دینے کے لیے میوزک اور اسکرپٹ سمیت ہر شعبے پر محنت کی ہے۔

فلم میں کام کرنے کے سوال پر انھوں نے بتایا کہ موجودہ پاکستانی فلموں کا معیار اور باکس آفس پر اچھے رسپانس نے مجھ سمیت سبھی کی سوچ کو بدل کر رکھ دیا۔ ٹی وی کی طرح فلم میں بھی پڑھے لکھے لوگوں کے آنے سے ٹی وی اور فیشن کی معروف ماڈل و اداکارائیں فلم پروجیکٹس کا حصہ بن رہی ہیں۔ اسکرین پر فلم بینوں نے بھی اس تبدیلی کو قبول کیا ہے۔ اوشنا شاہ نے مزید کہا کہ ’’تیری میری لو اسٹوری‘‘ عیدالاضحی پر ریلیز ہوگی جس کے ٹریلر کو سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ایک اور کامیڈی فلم ’’افراتفری‘‘ بھی سائن کی ہوئی ہے اس کی بھی جلد شوٹنگ شروع ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔