احتساب ریلی کے دوران عمران خان 3 بڑے حادثات سے بال بال بچ گئے

قیصر شیرازی  اتوار 14 اگست 2016
زشتہ روز لیاقت باغ میں ریلی کی تیاری کے دوران ساؤنڈ سسٹم کے ایک کنٹینر میں اس وقت آگ لگ گئی تھی  فوٹو: آن لائن

زشتہ روز لیاقت باغ میں ریلی کی تیاری کے دوران ساؤنڈ سسٹم کے ایک کنٹینر میں اس وقت آگ لگ گئی تھی فوٹو: آن لائن

راولپنڈی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان راولپنڈی سے اسلام آباد تک منعقدہ احتساب ریلی کے دوران 3 مرتبہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے۔ 

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں راولپنڈی سے اسلام آباد تک احتساب ریلی نکالی گئی تھی ، ریلی کے لیے عمران خان کے لیے خصوصی کنٹینر تیار کیا گیا تھا جس پر ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ کنیٹنر جب مریڑچوک ریلوے پل پہنچا تو ڈرائیور نے پل کی اونچائی کا اندازہ کیے بغیر کنٹینر تیز رفتاری کے ساتھ گزارا اور پل زیادہ اونچا نہ ہونے کے باعث عمران خان اور دیگر قائدین نے کنٹینر پر لیٹ کر جان بچائی تاہم کنٹینر پر لگے لاؤڈ اسپیکر پل سے ٹکرانے کے بعد عقب میں بیٹھے افراد پر گرگئے لیکن خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے قبل جب عمران خان کچہری چوک میں ریلی میں شامل ہونے کے لیے کنٹینر پر چڑھے تو اس وقت بھی لڑکھڑا گئے جبکہ ایک موقع پر بریک لگنے سے دھکا لگنے پر وہ کنٹینر سے گرتے گرتے بچے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیاقت باغ میں ریلی کی تیاری کے دوران ساؤنڈ سسٹم کے ایک کنٹینر میں اس وقت آگ لگ گئی تھی جب اس کنٹینر میں کارکنون کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔