ویسٹ انڈین ٹیسٹ اسکواڈ میں اوپنرکرس گیل کی18ماہ بعد واپسی

ایکسپریس اردو  منگل 24 جولائی 2012
ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس آنے والے گیل نے آخری ٹیسٹ دسمبر 2010 میں سری لنکا کیخلاف کھیلا تھا۔ فوٹو:اے ایف پی

ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس آنے والے گیل نے آخری ٹیسٹ دسمبر 2010 میں سری لنکا کیخلاف کھیلا تھا۔ فوٹو:اے ایف پی

سینٹ جونز:  ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلیے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، کرس گیل کی 18 ماہ بعد واپسی ہوئی، ڈیرن براوو اور فیڈل ایڈورڈزکی چھٹی کردی گئی ہے۔ گیل نے آخری ٹیسٹ دسمبر 2010 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا، ورلڈ کپ کے بعد بورڈ سے اختلافات کی وجہ سے وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہوگئے تھے،

حال ہی میں دورئہ انگلینڈ کے دوران محدود اوورز کے میچز میں ان کی واپسی ہوئی تھی، اب ان پر ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے بھی کھل گئے ہیں، ٹیم میں شیونرائن چندرپال کو بھی شامل کیا گیا جو سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے انگلینڈ سے آخری ٹیسٹ نہیں کھیل پائے تھے، اسی میچ میں ڈیبیو کرنے والے ٹاپ آرڈر بیٹسمین اسد فدادین اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے،

اسپنر کی واحد نشست پر سنیل نارائن کا قبضہ پکا ہوچکا، ڈیرن براوو کو خراب کارکردگی کی وجہ سے باہر کیا گیا،پہلا ٹیسٹ بدھ سے اینٹیگا میں شروع ہوگا۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں گیل، ایڈرین باریتھ، کیرن پاول، اسد فدادین، شیونرائن چندرپال، سیموئلز، ڈیونرائن، رامدین، ڈیرن سیمی، ٹینو بیسٹ، کیمار روئچ، روی رامپال اور سنیل نارائن شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔