متحدہ کے ذمے داران کی علما و سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں

ایکسپریس اردو  منگل 24 جولائی 2012
پاکستان کی سلامتی و بقا سے متعلق قائد تحریک کے فکر انگیزبیان کی کاپیاں دیں ۔ فوٹو ایکسپریس

پاکستان کی سلامتی و بقا سے متعلق قائد تحریک کے فکر انگیزبیان کی کاپیاں دیں ۔ فوٹو ایکسپریس

حیدرآباد / سانگھڑ / سجاول: زیریں سندھ میں بھی متحدہ قومی موومنٹ کے ذمے داران نے مختلف رہنمائوں و مذہبی رہنمائوں اور دانشوروں سے ملاقاتیں کر کے انہیں قائد تحریک الطاف حسین کے پاکستان کی سلامتی و بقاء سے متعلق فکر انگیزبیان کی کاپیاں دیں۔

حیدرآباد میں اے این پی کے سینئر نائب صدر لالہ اورنگزیب، ادیب روشن چانڈیو، بارکونسل کے سینئر ممبر فضل قادر میمن، سپاہ صحابہ کے مولانا شبیر،فاروق آزاد اور سنی تحریک کے رہنمائوں سمیت دیگر اہم شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے حق پر ست صوبائی وزیر زبیر احمدخان نے کہا کہ قائدالطاف حسین نے ملکی بقاء و سلامتی کیلیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا اور آج بھی ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کوبے نقاب کرنے اور پاکستانی قوم کے اتحاد کیلیے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی سلامتی تمام نظریوں اور سیاست سے مقدم ہے۔

ایم کیو ایم ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ متحدہ حیدرآباد کے زونل انچارج محمد شریف نے کہاکہ ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، پاکستان کی بقاء وسلامتی کیلیے ہمیں تمام اختلافات بھلاکر ایک قوم ہونا ہوگا۔سانگھڑ سے نامہ نگار کے مطابق پریس کلب میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیر اور ایم کیو ایم کی اندرون سندھ تنظیمی کمیٹی کے رکن غلام حیدر رائو نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلیے ضروری ہے کہ ملک وقوم کو اندرونی طور پر مضبوط و مستحکم کیا جائے، ہم موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں لیکن عوامی مفاد میں مفاہمتی پالیسی کے تحت ساتھ ہیں،

انہوں نے کہا کہ اگر بجلی کی وزارت متحدہ قومی موومنٹ کو دے دی جائے تو 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردینگے۔ انھوںنے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے پاکستان کی سلامتی و بقا پر منڈلانے والے خطرات سے آگاہ کر دیا ہے لیکن ہمارے سیاستداں اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں سجاول میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے متحدہ کی ایم پی اے ہیرسوہو نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،

ان حالات میں عوام کو آگاہی دینے کیلیے الطاف بھائی کی ہدایت پر مختلف حلقوں سے ملاقات کررہے ہیں۔ ہیر سوہو نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ میں کرپشن چھپانے کیلیے پانی کی قلت پیدا کی گئی ہے، ہم ذوالفقار آباد منصوبے کیخلاف نہیں، حکومت شاہ بندر کیٹی بندر جاتی کے عوام کے خدشات دور کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔