اسپین سے متعلق خدشات پرمالیاتی منڈیوں میں ہلچل

ایکسپریس اردو  منگل 24 جولائی 2012
 نیویارک،لندن، فرینکفرٹ، پیرس،ٹوکیو،سڈنی سمیت دنیابھر کی اسٹاک مارکیٹس گرگئیں

نیویارک،لندن، فرینکفرٹ، پیرس،ٹوکیو،سڈنی سمیت دنیابھر کی اسٹاک مارکیٹس گرگئیں

لندن:  اسپین کی مالی پوزیشن سے متعلق خدشات سنگین ہونے پر مالیاتی منڈیوں میں پیر کو ہلچل مچ گئی، دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹس گر گئیں، جاپانی ین کے مقابل یورو کی قدر 12سال کی کم ترین سطح پر آگئی جبکہ اسپین کے قرضوں پر سود کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مارکیٹس میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اسپین کو دیوالیہ سے بچنے کیلیے مکمل بیل آئوٹ پیکیج کی ضرورت پڑے گی۔

سٹی انڈیکس ٹریڈرز میں چیف مارکیٹ اسٹریٹجسٹ جوشوا ریمنڈ نے کہاکہ اسپین نے اگرچہ بینکوں کو بچانے کیلیے 100 ارب یورو حاصل کرلیے ہیں مگر مارکیٹس میں خدشات جنم لے رہے ہیں کہ اسپین کو جلد مکمل بیل آئوٹ کیے جانے کی ضرورت پڑے گی۔ دوسری طرف آئی ایم ایف، یورپی یونین اور یورپی مرکزی بینک کے آڈیٹرز کی رواں ہفتے اقتصادی پروگرام کی معائنہ کاری کیلیے ایتھنز آمد کی وجہ سے یونان پر بھی مارکیٹس کی توجہ مرکوز ہے،

یونان کو ستمبر تک 31.5ارب یورو کی نئی قسط کا انحصار ان آڈیٹرز کی رپورٹ پر ہی ہوگا۔ جرمن وزیرخزانہ وولف گینگ شوابلے نے یونان کو متنبہ کیا ہے کہ اسے بیل آئوٹ پیکیج کی شرائط پرپورا اترنے کیلیے اپنی کوششیں ڈبل کرنا ہوںگی۔ ان عوامل کے باعث پیر کو لندن کی حصص مارکیٹ میں ایف ٹی ایف ای 100انڈیکس 2.41فیصد، فرینکفرٹ کا ڈیکس 30 انڈیکس3.67فیصد، پیرس کاسی اے سی 40انڈیکس 3.07 فیصد، میڈرڈ کا آئی بیکس 35انڈیکس2.46فیصد کم ہوگیا،

میڈرڈ میں شیئرپرائسز کاروبار کے آغاز پر 5فیصد سے زائد گرگئیں تھی تاہم بعد میں ریکوری دیکھی گئی جبکہ ایتھنز میں حصص مارکیٹ 7فیصد نیچے آگئی، امریکی مارکیٹ بھی کاروبار کے آغاز پر مندی کاشکار ہوگئی، ڈائوجونزانڈسٹریل ایوریج 1.67 فیصد اور نصداق2.2فیصدنیچے آگیا۔ ادھر کرنسی مارکیٹس میں یورپی سنگل کرنسی یورو امریکی کرنسی کے مقابل2سال کی کم ترین سطح پرآگئی اور یورو 1.2067ڈالر پرفروخت ہوا،

بعد میں ریکوری دیکھی گئی، یورو کی قدر جاپانی کے مقابل 12سال کی کم ترین سطح پرآگئی اور یورو 94.24ین کا ہوگیا بعد میں ریکوری کے بعد اس کی قدر 94.53ین رہی۔ مزید برآں ڈیٹ مارکیٹس میں اسپین کے 10سالہ بانڈز پر ایلڈ 7.225سے بڑھ کر 7.495فیصد پر آگئی جو بلند ترین سطح ہے، یہ سطح طویل مدتی بنیادوں پر اسپین کیلیے ناقابل برداشت قراردی جا رہی ہے،

دوسری طرف جرمنی کے ایک سالہ بانڈ پر سود کی شرح منفی ہوگئی یعنی انویسٹرز کو جرمنی کو قرضوں کے ساتھ ان پر سود لینے کے بجائے دینا پڑے گا۔ ایشیائی حصص مارکیٹس میں ہانگ کانگ مارکیٹ میں انڈیکس 2.99فیصد، ٹوکیو1.86فیصد، سیول1.84فیصد اور سڈنی کی حصص مارکیٹ میں انڈیکس 1.67فیصد نیچے آگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔