2016 کا آخری سورج گرہن شروع ہوگیا

پاکستان میں کہیں سے بھی یہ سورج گرہن دیکھا نہیں جاسکے گا، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک August 31, 2016
پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سورج گرہن کا آغازصبح 11 بج کر 13 منٹ پر ہوگا؛ فوٹو: فائل

رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن شروع ہوچکا ہے لیکن یہ پورے پاکستان میں کہیں بھی دکھائی نہیں دے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق سورج گرہن صرف براعظم افریقہ اور گرد و نواح کے کچھ علاقوں ہی میں دیکھا جاسکے گا۔ مڈغاسکر، عرب، وسطی افریقہ اور ملحقہ علاقوں میں سورج گرہن زیادہ نمایاں ہوگا اور ان میں سے بعض مقامات پر مکمل سورج گرہن ہوگا تاہم پاکستان میں کہیں سے بھی یہ سورج گرہن دیکھا نہیں جاسکے گا۔

پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سورج گرہن کا آغازصبح 11 بج کر 13 منٹ پر ہوچکا ہے جو 2 بج کر 8 منٹ پر اپنےعروج پر پہنچے گا جبکہ 5 بج کر ایک منٹ پر سورج گرہن مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق اگلے سال کا واحد سورج گرہن 21 اگست 2017 کو واقع ہوگا جو صرف شمالی اور وسطی امریکہ میں دیکھا جاسکے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ سورج گرہن 21 اگست 2017ء کی رات 8 بج کر 46 منٹ پر شروع ہوکر 22 اگست 2017ء کی صبح 2 بج کر 4 منٹ پر ختم ہوجائے گا یعنی یہ بھی پورے پاکستان میں کہیں دیکھا نہیں جاسکے گا۔

واضح رہے کہ انسانی تاریخ کا سب سے منفرد مکمل سورج گرہن 11 اگست 1999 کے روز ہوا تھا جسے پاکستان سمیت دنیا کے کئی گنجان آباد شہروں میں دیکھا گیا تھا۔ اکثر گنجان آباد شہروں سے دیکھا جانے والا اگلا مکمل سورج گرہن چار سو سال بعد ہوگا۔

مقبول خبریں