وزیر اعلیٰ سندھ کا دورہ پنجاب

مراد علی شاہ کا دورہ پنجاب ان کے سیاسی وژن کا عکاس ہے۔


Editorial September 07, 2016
مراد علی شاہ کا دورہ پنجاب ان کے سیاسی وژن کا عکاس ہے۔ فوٹو: آئی این پی

سندھ کے نئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ انتہائی متحرک اورفعال سیاستدان ہیں، ہمہ وقت مصروف عمل نظرآتے ہیں سندھ بھر میں۔اور اب دورہ پنجاب ان کے سیاسی وژن کا عکاس ہے۔گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام میں انھوں نے سوالات کے جوابات انتہائی خندہ پیشانی اوردوٹوک الفاظ میں دیے۔سندھ کا مقدمہ بھی خوب لڑا اور ملکی مفاد میں بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کی نوید بھی سنائی ۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میںریڈ لائن عبور کرنیوالوں کے خلاف آئین اورقانون کے مطابق کارروائی ہوگی، توانائی کے بحران کاحل صرف سندھ کے پاس ہے، ہم کوئلے اور ہوا سے بجلی پیدا کرسکتے ہیں۔ کالاباغ ڈیم پاکستان سے زیادہ ضروری نہیں۔ سیدمرادعلی شاہ نے بطور وزیراعلیٰ سندھ ابہام اور مفروضوں کو دورکرنے کی کوشش کی جو ذہنوں میں پائے جاتے ہیں ۔ وہ پہلے بھی بطور فنانس منسٹر سندھ کے وفاق سے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ پہلی بات تو کراچی آپریشن کے حوالے سے کہی گئی، یقینا یہ صوبائی حکومت نے کراچی اور سندھ میں امن وامان کی دگرگوں صورتحال پر احسن اندازمیں قابو پایا ہے ، کراچی کی رونقیں لوٹ رہی ہیں، عوام مطمئن اورخوش نظرآرہے ہیں۔ معاشی اوراقتصادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔

ایسی صورتحال میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا سندھ میں موجود کوئلے کے ذخائر اورہوا سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دینے اور اس کے حل کے لیے تجاویز دینا ملک کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہے ، وزیراعظم کو فورا سندھ کی اس پیشکش کو قبول کرکے اس پر عملدرآمد بھی کرنا چاہیے ۔مرادعلی شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے انتہائی دل نشین بات کہی ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کرکام کرناہے اور ملک کو آگے لے جانا ہے۔ آئی ٹی کے شعبے میںسندھ پولیس کی معاونت کرنے پر پنجاب حکومت کاشکریہ بھی اداکیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مرض بھی بتایا ہے اور اس کا علاج بھی تجویزکیا ہے جو ان کی دانشمندانہ فکرکی علامت ہے۔ یعنی گفتگو کا حاصل یہ ہے کہ جمہوریت کی بقا کے لیے سیاسی سطح پر اختلافات بھلا کر باہمی اتفاق رائے کا مظاہرہ کیا جائے اورصوبوں کو اٹھارویں ترمیم کے مطابق ان کے حقوق دیے جائیں ۔ ویل ڈن مرادعلی شاہ۔

مقبول خبریں