دبئی میں سٹی اسکیپ گلوبل پراپرٹی شو کا آغاز ؛ ایکسپریس پاکستان پویلین میں زبردست رش

خصوصی رپورٹ  بدھ 7 ستمبر 2016
دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کو سٹی اسکیپ ایگزیبیشن کی افتتاحی تقریب میں معلومات فراہم کی جارہی ہیں ۔  فوٹو : ایکسپریس

دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کو سٹی اسکیپ ایگزیبیشن کی افتتاحی تقریب میں معلومات فراہم کی جارہی ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

دبئی:  دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں تین روزہ  ’’سٹی اسکیپ گلوبل‘‘ پراپرٹی شو کا آغاز ہوگیا، شو کے آغاز پر ہی سب سے بڑے ایکسپریس پاکستان پراپرٹی پویلین میں لوگوں کا زبردست رش دیکھنے میں آیا، اس پراپرٹی شو میں ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت ایکسپریس پاکستان پراپرٹی پویلین قائم کیاگیا ہے، پاکستان پویلین میں ہاؤسنگ کے شعبہ میں کام کرنیوالے15معروف پاکستانی اداروں نے سٹال لگائے ہیں۔

دنیا کے سب سے بڑے اس پراپرٹی شو کا افتتاح دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا جس میں دنیا بھر سے500 سے زائد بڑے رئیل اسٹیٹ، بلڈرز، ٹائون پلانرز نے اسٹالز لگا دیے ہیں جس میں ایک سو پچپن سے زائد کمپنیاں شریک ہیں ‘ اسٹالز دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے41 ہزار مربع میٹر پر پھیلے ہوئے ہیں اور پہلی بار ایکسپریس میڈیا گروپ نے پاکستان پویلین بنایا ہے۔ تفصیلات کے مطابقگزشتہ روز دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ’’سٹی سکیپ گلوبل‘‘ پراپرٹی شو کا افتتاح کردیا گیا، شو کا افتتاح دبئی کے بادشاہ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ سٹی اسکیپ گلوبل میں دنیا بھر سے پراپرٹی اور رئیل اسٹیٹ کی بڑی کمپنیاں اور منصوبے اپنا اسٹال لگاتے ہیں۔

اس سال پانچ سو سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی ہے، پاکستان کو تاریخ میں پہلی بار دنیا کے سب سے بڑے شو میں نمائندگی ملی ہے اور ملک کے ہر دل عزیز ایکسپریس میڈیا گروپ نے ایکسپریس پاکستان پراپرٹی پویلین بنایا ہے جس میں 15معروف پاکستانی اداروں نے اسٹال لگائے ہیں، شو نے لوگوں کی بھرپور توجہ حاصل کی اور لوگ صبح سے ہی داخلے کیلیے قطاروں میں کھڑے رہے۔ تین روزہ پراپرٹی شو کے پہلے دن پاکستان پویلین بیرونی سرمایہ کاروں اور دبئی میں مقیم پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، پویلین کا مقصد پاکستانی ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کیساتھ ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کو عالمی منڈی میں نمایاں مقام دلوانا ہے، یہ شو پاکستان کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیساتھ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کو محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

اس موقع پر پراپرٹی کی بین الاقوامی کانفرنس بھی چلتی رہی جس میں دنیا بھر سے پراپرٹی کے ماہرین نے پراپرٹی سیکٹر میں آنے والے نئے رجحانات کو روشناس کروایا گیا جبکہ شام کو دنیا کے بہترین منصبوں کو ایوارڈ بھی دیے گئے۔ اس موقع پر سٹی اسکیپ گلوبل کے ڈائریکٹر مولمن وائوٹر نے ایکسپریس پاکستان پویلین کو سراہا اور کہا کہ اس سے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جبکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی رئیل اسٹیٹ سیکٹر کا نام روشن ہوگا۔ ایکسپریس پاکستان پویلین کا مقصد پاکستان کی ریئل اسٹیٹ کی حوصلہ افزائی اور ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کو عالمی منڈی میں نمایاں مقام دلوانا ہے۔ اس پراپرٹی شو سے خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی تارکین کو ریئل اسٹیٹ بزنس میں محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے۔

دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری نے کہا ہے کہ ایکسپریس کی طرف سے پاکستان پراپرٹی اداروں کو یہاں بلانے کا فیصلہ انتہائی اہم ہے، اس سے یہاں مقیم 15لاکھ پاکستانی بہت خوش ہیں۔ ایکسپریس پاکستان پویلین میں آئے پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد امڈ آئی ، پویلین میں آئے پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اس نمائش سے پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کو بہت فروغ ملے گا اور پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر میں بھی بہت زیادہ اضافہ ہوگا، یہاں آنے والے ڈیولپرز بھی بہت خوش ہیں۔ پاکستان پویلین اس نمائش میں دوسری مرتبہ شامل ہوا ہے، پاکستانیوں کی اس میں دلچسپی بہت زیادہ ہے‘ پاکستانی پویلین کی وجہ سے پاکستان کا دنیا بھر میں بہت اچھا امیج جا رہا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔