پاکستان بھارت اچھے تعلقات یقینی بنا کر آگے بڑھ سکتے ہیں، نواز شریف

ایکسپریس اردو  منگل 24 جولائی 2012
مری :مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال ملاقات کررہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

مری :مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال ملاقات کررہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

راولپنڈي:  مسلم لیگ ن کے صدرنوازشریف نے کہاہے کہ خطے میں پائیدارامن کیلیے پاکستان اور بھارت کے مابین برابری کی بنیاد پر تعلقات کا فروغ ضروری ہے۔دونوں ممالک اچھے دوستانہ اور ہمسائیگی کے تعلقات کو یقینی بناکر اپنے عوام کی ترقی اور بہتری کیلیے آگے بڑھ سکتے ہیں،بھارتی ہائی کمشنرشرت سبھروال سے ملاقات میں انھوں نے پرناب مکھرجی کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچوں کے انعقادکیلیے پیشرفت ایک خوش آئند قدم ہے،

خطے میں امن کے ذریعے ہی ترقی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے خطے میں قیام امن کیلیے نوازشریف کے عزم کو سراہا اورکہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات سے خطے میں عوام کے معیار زندگی میں مثبت تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں ، دریں اثنا ن لیگ خیبرپختونخوا کے رہنمائوں مہتاب عباسی، پیرصابر شاہ اور امیرمقام نے بھی نوازشریف سے مری میں ملاقات کی جس میں پارٹی امور سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اصولوں کی سیاست پر کاربند رہے گی، چاہے اس کیلیے کتنی بڑی قربانی کیوں نہ دینا پڑے ۔

موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہوگیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے اپوزیشن کا بھرپور کردار نبھایا ہے اور اپنی کارکردگی کی بنا پر عوام سے ووٹ مانگنے جائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ کارکن الیکشن کی تیاری کریں کیونکہ موجودہ بحرانوں سے نجات کا واحد حل فی الفور انتخابات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں پارٹی کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، لوگوں کی نظریں مسلم لیگ ن پر مرکوز ہیں، انجنیئر امیر مقام نے نوازشریف کو خیبر پختونخوا کے دوروںکی دعوت دی جو انھوں نے قبول کی اور کہا کہ عید کے بعد وہ خیبر پختونخوا کے تمام ڈویژن کے تفصیلی دورے کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔