تاریکی کا خاتمہ، سعید اجمل کے اچھے دنوں کی واپسی

اسپورٹس رپورٹرز  ہفتہ 17 ستمبر 2016
قومی ٹی20کپ میں11کی اوسط سے20شکار، بیٹنگ میں عمر اکمل کے363 رنز۔ فوٹو: فائل

قومی ٹی20کپ میں11کی اوسط سے20شکار، بیٹنگ میں عمر اکمل کے363 رنز۔ فوٹو: فائل

لاہور: تاریکی کا خاتمہ ہوگیا، سعید اجمل کے اچھے دن واپس آنے لگے، قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کے سرفہرست بولرنے صرف 11 کی اوسط  سے 20 شکار کیے، کاشف بھٹی 14 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، بیٹنگ میں عمر اکمل 72.60 کی ایوریج سے 363 رنز بنا کر سب سے نمایاں ثابت ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے سعید اجمل نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے بولرز میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، انھوں نے11کی اوسط سے 20شکار کیے، اس دوران بہترین کارکردگی 27 رنز کے عوض 4وکٹیں رہی، آف اسپنر نے شاندار بولنگ سے ایک بار پھر قومی ٹیم کے دروازے پر دستک دیدی ہے، کاشف بھٹی 14وکٹوں کے ساتھ دوسرے، تابش خان(12) تیسرے، عمران خان (11) چوتھے نمبر پر رہے، محمد اصغر بھی اتنے ہی شکار کرکے پانچویں نمبر پر رہے، عامر یامین، ظفر گوہر، فراز احمد اور اعظم حسین نے 10، 10کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایونٹ میں واحد سنچری بنانے والے عمر اکمل 72.60کی اوسط سے 363 رنز کے ساتھ بیٹسمینوں میں سرفہرست رہے، انھوں نے 3 ففٹیز بھی بنائیں، سلمان بٹ 4 نصف سنچریوں سمیت 350 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، شاہ زیب حسن (344) تیسری، اسد شفیق (310) چوتھی اور کامران اکمل (260) پانچویں پوزیشن کے حقدار بنے۔

وکٹ کیپرز میں محمد حسن نے سب سے زیادہ 12شکار کیے، انھوں نے 6کیچز لیے جبکہ اتنی ہی اسٹمپنگ بھی کیں، کامران اکمل  اور سیف اللہ بنگش 9,9 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، عمر صدیق نے8اور جمال انور نے5 شکار کیے، فیلڈنگ میں سب سے زیادہ 8,8 کیچ اکبر الرحمان اور محمد اصغر نے لیے، جنیدخان 7، رفعت اللہ مہمند6 جبکہ محمد وقاص، سکندر رضا، نعمان انور اور ظفر گوہر5,5 کیچز تھامنے میں کامیاب رہے،ایونٹ کی سب سے بڑی 163 رنز کی شراکت لاہور وائٹس کے سلمان بٹ اور کامران اکمل نے لاہور بلوز کے خلاف بنائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔