خلافِ قانون بھارتی چینلز دکھانے پر چیئرمین پیمرا کو خصوصی اختیارات تفویض

ویب ڈیسک  منگل 4 اکتوبر 2016
انڈین چینل اور انڈین مواددکھائےجانےپرسماعت کا موقع فراہم کیے بغیر کمپنی کالائسنس فوری طورپرمعطل یامنسوخ کیا جاسکتا ہے فوٹو؛ فائل

انڈین چینل اور انڈین مواددکھائےجانےپرسماعت کا موقع فراہم کیے بغیر کمپنی کالائسنس فوری طورپرمعطل یامنسوخ کیا جاسکتا ہے فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے خلافِ قانون بھارتی چینلز اور مواد دکھائے جانے پر چیئرمین پیمرا کو اظہارِ وجوہ کے نوٹس جاری کرنے اور سماعت کے بغیر ٹی وی چینل کا لائسنس معطل یا منسوخ کرنے کا خصوصی اختیار تفویض کردیا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے منعقد ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جس میں چئیرمین کو خصوصی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں جن کے تحت چیرمین پیمرا خلاف قانون انڈین چینل اور انڈین مواد دکھائے جانے پر بنا اظہار وجوہ نوٹس جاری کرنے اور سماعت کا موقع فراہم کیے بغیر کمپنی کا لائسنس فوری طور پر معطل یا منسوخ کرنے کا مجاز ہوگا۔

پیمرا  نے یہ فیصلہ 15 اکتوبر 2016 کی اعلان شدہ ڈیڈ لائن کے تناظر میں کیا ہے جس کے گزرنے کے بعد قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز اور بغیر اجازت بھارتی چینل دکھانے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف بلا تفریق و امتیاز کارروائی کی جاسکے گی۔

واضح رہے کہ پیمرا نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ پاکستان بھر میں غیر قانونی انڈین اور مواد چلنے پر پابندی ہوگی جب کہ انڈیا اور پاکستان کے مابین حالیہ کشیدگی کے باعث عوام بھی پرزور مطالبہ کررہی ہے کہ انڈین چینلز اور ڈرامے مکمل بند کردیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔